کوہلی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نئی شروعات کی خواہاں

سڈنی۔ 5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم نئے سال کا پہلا ٹسٹ کل یہاں سڈنی میں شروع کریں گے حالانکہ رواں سیریز کے ابتدائی تین مقابلوں میں دو فتوحات کے ذریعہ میزبان ٹیم نے بارڈر۔ گواسکر ٹرافی پر 2-0 کی سبقت سے قبضہ بنا لیا ہے۔ ملبورن میں منعقدہ سیریز کے تیسرے ٹسٹ کے اختتام کے بعد حیران کن طور پر مہیندر سنگھ دھونی نے ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے اور اب ان کے مقام پر ویراٹ کوہلی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم ایک نئی شروعات کی خواہاں ہے۔ دوسری جانب آسٹریلیائی ٹیم کیلئے سڈنی ٹسٹ ایک جذباتی ٹسٹ ہوگا کیونکہ یہ وہی میدان ہے جہاں آنجہانی بیٹسمین فلپ ہیوز باؤنسر سے زخمی ہوکر دواخانہ منتقل کئے گئے تھے جہاں دو دن بعد ان کا انتقال ہوگیا۔ چند دن قبل سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر تمام آسٹریلیائی کھلاڑی ہیوز کی آخری رسومات کیلئے منعقدہ تقریب میں شرکت کی تھی، اور اب وہ ہندوستان کے خلاف سال کا پہلا ٹسٹ کھیلنے کیلئے میدان پر اُترے گی۔ ہندوستانی ٹیم کیلئے ویراٹ کوہلی کی قیادت کے ساتھ نئے سال کا بھی آغاز ہورہا ہے اور ہندوستانی ٹیم کوشاں ہوگی کہ کامیابی کے ساتھ وہ نہ صرف رواں سیریز کا اختتام کرے بلکہ نئے سال کا بھی آغاز کرے۔ سیریز کے افتتاحی مقابلہ میں ویراٹ کوہلی نے زخمی دھونی کے مقام پر ایڈیلیڈ میں ٹیم کی کپتانی کی تھی لیکن اب سڈنی میں وہ مستقل کپتان کی حیثیت سے ٹیم کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔ کپتان ویراٹ کوہلی کے علاوہ اوپنر مرلی وجئے اور مڈل آرڈر بیٹسمین اجنکیا راہنے کے مظاہرے کافی متاثرکن ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کیلئے اوپنر شکھر دھون کا ناقص فام اور مڈل آرڈر میں چیٹیشور پجارا کی ناکامی تشویش کا باعث ہے۔ ویراٹ کوہلی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم میں چند ایک نمایاں تبدیلیاں یقینی دکھائی دے رہی ہیں، جیسا کہ دھون اور پجارا کے مقام پر کے ایل راہول کو اننگز کے آغاز یا مڈل آرڈر میں یقینی طور پر کھلایا جائے گا۔ دھون کے مقام پر راہول سے اننگز کا آغاز کروانے کے علاوہ مڈل آرڈر میں پجارا کے مقام پر سریش رائنا کو ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ دھونی کے مقام پر وریدھیمان ساہا کی شمولیت یقینی ہے۔ بولنگ شعبہ میں محمد سمیع کے مقام پر ورون آرون کو شامل کئے جانے کے اشارے مل رہے ہیں اور اگر بھونیشور کمار مکمل طور پر صحت یاب ہوجاتے ہیں تو قطعی گیارہ کھلاڑیوں میں ان کی واپسی یقینی ہے۔ ایڈیلیڈ میں بحیثیت کارگزار کپتان کوہلی نے قطعی گیارہ کھلاڑیوں میں کئی اہم تبدیلیاں کی تھیں جس میں روی چندرن اشون کے مقام پر نوجوان لیگ اسپنر کرن شرما کو موقع دیا گیا تھا اور اب سڈنی ٹسٹ میں بھی اسپنرس کے متعلق فیصلہ اہم ہوگا۔ علاوہ ازیں آسٹریلیائی ٹیم میں زخمی میچل جانسن شامل نہیں ہوں گے کیونکہ وہ سڈنی ٹسٹ سے باہر ہوچکے ہیں۔ جانسن کے مقام پر میچل اسٹارک کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ پیٹر سیڈل کی شمولیت کے امکانات کو بھی مسترد نہیں کیا جارہا ہے۔ سڈنی ٹسٹ کیلئے اسپنر آشٹن اگر کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے نیز سڈنی کرکٹ گراؤنڈ کی وکٹ جوکہ اسپنرس کیلئے کسی قدر سازگار ہوتی ہے اور وکٹ کی اس مناسبت سے اگر کی شمولیت بھی یقینی دکھائی دے رہی ہے جوکہ نیتھن لیون کے ہمراہ میزبان ٹیم کے دوسرے اسپنر ہوں گے۔