یڈیلیڈ ۔ 8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹسٹ کرکٹ میں ویراٹ کوہلی پہلی مرتبہ ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کریںگے جیسا کہ مستقل کپتان مہیندر سنگھ دھونی انگلی کے زخم سے بروقت صحتیاب نہیں ہو پائے ہیں۔ دوسری جانب کل یہاں شروع ہونے والے 4 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں آسٹریلیائی کپتان مائیکل کلارک مکمل صحتیاب ہوکر ٹیم کی قیادت کریں گے۔ قبل ازیں 33 سالہ مہیندر سنگھ دھونی ہفتہ کو ہی ٹیم میں شامل ہوگئے ہیں اور امید کی جارہی تھی کہ وہ پہلے ٹسٹ میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کریں گے لیکن آج اعلان کردیا گیا ہیکہ پہلے ٹسٹ میں وہ شرکت نہیں کررہے ہیں اور ان کے غیاب میں ویراٹ کوہلی طویل طرز کی کرکٹ میں پہلی مرتبہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ آسٹریلیائی کھلاڑیوں میں اعتماد اس وقت بلند ہوا ہے جب ٹیم کے مستقل کپتان ملائیکل کلارک مکمل صحتیاب ہوکر پہلے ٹسٹ کیلئے ٹیم میں شامل ہوچکے ہیں۔ اس ضمن میں فاسٹ بولر مچل جانسن نے کہا ہیکہ کلارک ایک بہترین قائد ہونے کے علاوہ وہ مضبوط اعصاب کے مالک بھی ہیں جیسا کہ گذشتہ چند دنوں کے دوران ہم جن صدمے بھرے وقت سے گذرے ہیں اس دوران انہوں نے ٹیم کے کھلاڑیوں کے حوصلے کو باندھے رکھا ہے۔ ہندوستان کے خلاف پہلے ٹسٹ کے دوران مائیکل کلارک جذباتی دکھائی دیں گے کیونکہ ٹیم کے آنجہانی بیٹسمین فلپ ہیوز کو وہ اپنا چھوٹا بھائی تصور کرتے تھے اور ان کی حادثاتی موت کے بعد وہ ذہنی دباؤ میں ہیں۔ علاوہ ازیں آنجہانی بیٹسمین فلپ ہیوز کو ٹیم میں تیرہویں کھلاڑی کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم جسے آسٹریلیا کے گذشتہ دورہ پر 4-0 کی ناکامی برداشت کرنی پڑی تھی، وہ اس مرتبہ نئے کپتان کی قیادت میں سیریز کی بہتر شروعات کیلئے کوشاں ہیں۔ ویراٹ کوہلی جنہوں نے آسٹریلیا کے دورہ کے آغاز سے قبل سری لنکا کے خلاف منعقدہ گھریلو سیریز میں ٹیم کو 5-0 کی کامیابی دلوانے میں اہم رول ادا کیا ہے اور وہ کوشاں ہیکہ ٹسٹ سیریز کا بھی جارحانہ کرکٹ کے ساتھ کامیاب آغاز کیا جائے۔ دھونی جوکہ محدود اوورس کی کرکٹ میں جارحانہ کپتان تصور کئے جاتے ہیں لیکن ٹسٹ کرکٹ اور خصوصاً بیرونی دوروں پر ان کے مظاہرے انتہائی مایوس کن ہے لہٰذا ان حالات میں ہندوستانی ٹیم ویراٹ کوہلی کی قیادت میں بہتر شروعات کیلئے کوشاں ہے۔ دھونی کی عدم موجودگی میں وردھیمان ساہا وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری نبھائیں گے۔ فاسٹ بولنگ شعبہ میں بھی مستقل بولر بھونیشور کمار ابتدائی دو ٹسٹ مقابلوں کیلئے ٹیم سے باہر ہوچکے ہیں اور اب امید ہیکہ ایشانت شرما، ورون آرون اور محمد سمیع فاسٹ بولنگ شعبہ کی ذمہ داری نبھائیں گے جبکہ اسپن شعبہ میں رویندر جڈیجہ، روی چندرن اشون اور کرن شرما میں انتخاب توجہ کا مرکز ہوگا۔ روی چندرن اشون کے بیرون ملک مظاہرے انتہائی مایوس کن ہے جبکہ دورہ آسٹریلیا کے موقع پر منعقدہ دو وارم اپ مقابلوں میں کرن شرما نے انتہائی شاندار مظاہرے کئے ہیں لہٰذا اشون اور کرن شرما میں کسی ایک کا انتخاب توجہ کا مرکز ہے۔ ایڈیلیڈ اوول کی وکٹ ٹسٹ کرکٹ کیلئے ایک بہترین وکٹ تصور کی جارہی ہے جہاں مکمل میچ کے دوران فاسٹ بولروں کو اچھال اور رفتار دستیاب رہے گی۔ علاوہ ازیں اس وکٹ پر بیٹسمین بھی اسکور بنا سکتے ہیں۔