لاہور۔7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے صف اول کے فاسٹ بولر حسن علی نے ایشیا کپ میں عمدہ کارکردگی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایونٹ میں ہندوستان کے کپتان ویراٹ کوہلی کی عدم موجودگی کا فائدہ پاکستان کو ہوگا۔ایشیا کپ رواں ماہ 15 ستمبر کو متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگا جہاں روایتی حریف پاکستان اور ہندوستان ایک ہی گروپ میں موجود ہیں اور 19 ستمبر کو مدمقابل ہوں گے۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ایشیا کپ کی تیاریوں کے لیے جاری ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے حسن علی نے کہا کہ ایونٹ میں میرا ہدف صرف ہندوستانی بیٹسمینس نہیں بلکہ ایشیا کپ میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کے بیٹسمینں ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں حسن نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ہونے والا گزشتہ میچ جیتنے کی وجہ سے ایشیا کپ کے میچ میں پاکستانی ٹیم کو ہندوستان کے خلاف نفسیاتی برتری حاصل ہوگی، جبکہ ہندوستان کو کپتان اور اپنے سب سے اہم بیٹسمین کوہلی کی بھی خدمات حاصل نہیں ہوں گی جس کا ہم فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کوہلی ورلڈ کلاس اور میچ ونر کھلاڑی ہیں، وہ ہندوستان کو دباؤ سے نکال کر جیت کی راہ کی طرف گامزن کرنے میں مہارت رکھتے ہیں تاہم ان کا متبادل کھلاڑی اس جیسا نہیں ہوگا جس کا ہم فائدہ اٹھائیں گے۔میں نے کوہلی کی وکٹ حاصل کرنے کی خواہش ضرور ظاہر کی تھی لیکن ایشیا کپ میں یہ موقع نہیں مل سکے گا لیکن مستقبل میں امید ہے کہ جب ان سے سامنا ہوگا تو ضرور ان کی وکٹ حاصل کرنے کی کوشش کروں گا۔