کوہلی کی عدم موجودگی سے ہندوستانی ٹیم کو فرق نہیں پڑے گا

نئی دہلی۔11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنمنٹ کیلئے پاکستانی ٹیم کو خطاب کی دعویدار ماننے سے انکار کرتے ہوئے ہندوستانی سابق کپتان کپل دیو نے کہا ہے کہ ماضی کے نتائج کا ایونٹ پر کوئی اثر نہیں پڑسکتا جو کسی کو یاد بھی نہیں رہتے جبکہ ویراٹ کوہلی کی عدم موجودگی سے بھی کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ایک تقریب میں شریک کپل دیو نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچز میں ہمیشہ دباؤ کا عنصر واضح ہوتا ہے لیکن اچھے کھلاڑی ہمیشہ دباؤ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہیں کیونکہ پلیئرز پر دباؤ نہ ہو تو پھر کھیلنے کا کیا فائدہ کیونکہ دباؤ ہی کسی کھلاڑی کو بہترین کارکردگی پر اکساتا ہے۔کپل نے مزید کہا کہ ہندوستانی ٹیم ایشیاء کپ میں دوسری ٹیموں سے قدرے بہتر ہے اور ان کا خیال ہے کہ پاکستانی ٹیم کو دعویدار نہیں کہا جا سکتا ہے جس کی اہم وجہ یہ بھی ہے کہ ماضی کے نتائج کسی بھی ایونٹ کے دوران اثر انداز نہیں ہوتے ہیں۔انہوں نے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی کامیابی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کہا کہ آج کل زندگی بڑی تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور کسی کو یہ بات یاد بھی نہیں رہتی کہ چھ یا آٹھ ماہ قبل کیا ہوا تھا۔ ہندوستانی ٹیم میں مستقل کپتان ویراٹ کوہلی کی عدم موجودگی پر انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی بھی ٹیم کسی ایک کھلاڑی پر انحصار نہیں کرتی اور اکثر یہ دیکھنے میں آتا ہے کہ ٹیمیں اپنے اہم کھلاڑیوں کے بغیر بھی دستیاب طاقت کے ساتھ کامیابی سے ہمکنار ہو جاتی ہیں کیونکہ اجتماعیت کے ساتھ کھیلنے کی اپنی ایک اہمیت ہے۔سابق آل راؤنڈر نے اصرار کیا کہ ہندوستانی ٹیم ایشیاء کپ کیلئے پسندیدہ ٹیم کا درجہ رکھتی ہے جس کے پاس کلدیپ یادیو اور یزویندر چاہل جیسے اسپنرز کی موجودگی اسے برتر ثابت کرتی ہے جن کا سامنا کرنا پاکستان سمیت دیگر ٹیموں کیلئے آسان کام ہرگز نہیں ہوگا جو ان کا پہلی مرتبہ سامنا کریں گی۔نیز اسپنرس کی اس جوڑی نے حالیہ دنوں میں شاندار مظاہرے کئے ہیں۔