دبئی ۔18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کی ٹورنمنٹ میں عدم شرکت پر بی سی سی آئی اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) میں اختلافات ہوئے ہیں ۔ایشین کرکٹ کونسل کے ڈولپمنٹ منیجر پریرا کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ کوہلی کے نہ کھیلنے سے ہمیں مالی خسارہ ہوسکتا ہے ،ہمیں بتایا گیا تھا کہ پندرہ روزہ ٹورنمنٹ میں تمام ٹیموں کے بہترین کھلاڑی شریک ہوں گے ،کوہلی کا شرکت نہ کرنا ہمارے ساتھ ایشین کرکٹ کونسل کے معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ میں کوہلی کو آرام دینے پر مایوسی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عدم موجودگی سے ٹورنمنٹ کی آمدنی میں کمی ہوسکتی ہے۔تاہم بی سی سی آئی نے ایشین کرکٹ کونسل کو صاف جواب دیتے ہوئے کہا کہ اے سی سی یا براڈ کاسٹر کسی ٹیم کے انتخاب پر اثر انداز نہیں ہوسکتے۔ کسی کھلاڑی کو منتخب کرنا یا نہ کرنا ہمارا استحقاق ہے۔ بورڈ کے سی ای او راہول جوہری نے کہا ہے کہ سلیکشن پر براڈ کاسٹر کسی ملک کو مشورہ نہیں دے سکتے۔ یاد رہے کہ انگلینڈ کے 84 دنوں پرمشتمل طویل دورے کے دوران ہندوستان نے 5 ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلی ہے جس میں کوہلی نے 593 رنز بنائے لیکن ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی سیریز کیلئے وہ آرام کررہے ہیں اور اس وقت ایشیا کپ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔