دبئی۔ 14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ ٹسٹ میں متواتر دو سنچریاں اسکور کرنے والے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کو ان شاندار مظاہروں کا صلہ آئی سی سی کی ٹسٹ درجہ بندی میں ترقی کی شکل میں ملا ہے۔ کوہلی کی دو سنچریاں حالانکہ ہندوستانی ٹیم کو شکست سے محفوظ نہیں رکھ پائیں اور مہمان ٹیم کو 48 رنز کی ناکامی برداشت کرنی پڑی، لیکن کوہلی نے ان سنچریوں کی بدولت 703 نشانات حاصل کرتے ہوئے ٹسٹ درجہ بندی میں سرفہرست 20 کھلاڑیوں میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ سرفہرست 20 کھلاڑیوں میں شامل دوسرے ہندوستانی کھلاڑی چیٹیشور پجارہ ہیں حالانکہ انہیں ایک مقام کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ کوہلی جن کے دورۂ انگلینڈ پر مظاہرے انتہائی مایوس کن تھے اور انہیں مسلسل ناقص مظاہروں کی وجہ سے ٹسٹ درجہ بندی میں اپنے مقامات کا نقصانات بھی برداشت کرنا پڑا تھا جیسا کہ ایڈیلیڈ ٹسٹ سے قبل وہ 27 ویں مقام پر فائز تھے۔ ویراٹ کوہلی 2 سنچریوں کی بدولت اب 16 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں، جبکہ 14 ویں مقام پر جنوبی افریقی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین فاف ڈپلیسی ہیں جن کے اور کوہلی کے درمیان صرف 4 نشانات کا فرق ہے
جبکہ 14 ویں مقام پر 14 نشانات کے فرق کے ساتھ برینڈن مکالم موجود ہیں۔ بولنگ شعبہ میں ایشانت شرما کو نقصان برداشت کرنا پڑا ہے اور وہ سرفہرست 20 کھلاڑیوں کی صف سے باہر ہوچکے ہیں۔ ناقص مظاہروں کی وجہ سے اب وہ 21 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ آسٹریلیائی ٹیم کے بائیں ہاتھ کے اوپنر ڈیوڈ وارنر اور اسٹیون اسمتھ نے اپنے کریر میں آئی سی سی درجہ بندی کا سب سے بہترین مقام حاصل کرلیا ہے۔ وارنر جنہوں نے پہلے ٹسٹ میں بالترتیب 145 اور 102 رنز اسکور کئے ہیں، وہ ان سنچریوں کی بدولت 2 مقامات کی ترقی کرچکے ہیں۔ شاندار مظاہروں کے ذریعہ وارنر نے تاحال اپنے کریر میں سب سے زیادہ 880 نشانات حاصل کرچکے ہیں۔ تیسرے مقام پر فائز جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈی ویلرس کو پیچھے چھوڑنے کا وارنر کے پاس موقع دستیاب ہے جیسا کہ وہ ڈی ویلرس سے 8 نشانات کے فرق سے نچلے مقام پر فائز ہیں۔ علاوہ ازیں اسمتھ جنہوں نے پہلے ٹسٹ میں 162 اور 52 رنز کی ناقابل تسخیر بیٹنگ کی ہے، وہ پہلی مرتبہ اپنے کریر میں سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں شمولیت اختیار کی ہے۔ شاندار مظاہروں کے ذریعہ انہوں نے کریر میں پہلی مرتبہ 8 واں مقام حاصل کیا ہے، حالانکہ پہلے ٹسٹ کے آغاز سے قبل وہ 13 ویں مقام پر فائز تھے۔ علاوہ ازیں ہندوستانی اوپنر مرلی وجئے جنہوں نے پہلے ٹسٹ میں 53 اور 99 رنز اسکور کئے ہیں، وہ ان مظاہروں کے ذریعہ آئی سی سی کی درجہ بندی میں 8 مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے 28 واں مقام حاصل کرلیا ہے۔