کوہلی کی تیسرے ٹسٹ میں شرکت فٹنس سے مشروط

لندن۔13 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)انگلینڈ میں ہندوستانی بیٹنگ کی ذمہ داری اٹھائے رکھنے والے کپتان ویرات کوہلی کی کمر جھک گئی ہے اور کمر کی تکیف کے باعث انکی تیسرے ٹسٹ میں شرکت فٹنس سے مشروط ہوگئی ہے۔ انہیں لارڈز ٹسٹ کے دوران علاج کی ضرورت پیش آئی۔ پہلے ٹسٹ میں کوہلی نے زبردست بیٹنگ کی تھی لیکن ٹیم کو شکست سے نہیں بچاسکے تھے اب دوسرے میچ میں وہ تکلیف میں مبتلا ہوئے ہیں۔ لارڈز میں انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹسٹ کے چوتھے دن وہ صبح کے سیشن میں فیلڈنگ کے لئے نہیں آئے۔فٹنس مسائل کے سبب خیال ظاہر کیا جارہا تھا کہ وہ بیٹنگ کے لئے بھی نہ آسکیں گے، تاہم پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی بیٹنگ کی ناکامی میں وہ بھی پوری طرح شریک ہوئے ۔ وہ بیٹنگ کے لئے آئے اور 17 کے انفرادی اسکور پر آئوٹ ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق انکی فٹنس کا جائزہ لے کر ہی انکی اگلے میچوں میں شرکت کا فیصلہ ہوگا۔خیال رہے کہ کوہلی میچ کے دوسرے روز بھی آخری دو سیشن کے دوران میدان میں نہیں تھے۔