برمنگھم۔ 4 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ کپتان ویراٹ کوہلی کی شاندار نصف سنچری کے باوجود مہمان ٹیم انگلینڈ کو اس کے 1000 ویں ٹسٹ میں شکست دے کر انگلش کھلاڑیوں کے جشن کے رنگ کو پھیکا کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور پہلے ٹسٹ کے دن لنچ کے وقفے سے قبل ہی ہندوستانی ٹیم کامیابی کیلئے مطلوبہ نشانہ 194 رنز کے تعاقب میں 162 پر ہی آل آؤٹ ہوگئی۔ جس وقت آج صبح ویراٹ کوہلی اور ہاردک پانڈیا وکٹ پر موجود تھے، ہندوستان کی کامیابی کے امکانات روشن تھے، کیونکہ مہمان ٹیم کو کامیابی کیلئے 53 رنز درکار تھے لیکن اس موقع پر بین اسٹوکس نے ویراٹ کوہلی کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرتے ہوئے رنگینڈو وکٹ دلوائی جوکہ ان کی کامیابی اور ناکامی کا فرق بن رہی تھی۔ کوہلی نے امپائر کے فیصلے کو ریویو کیا لیکن فیصلہ کوہلی کے حق میں نہیں آیا۔ کوہلی نے آؤٹ ہونے سے قبل 185 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 151 رنز اسکور کرنے کے علاوہ پانڈے کے ساتھ 29 رنز کی پارٹنرشپ کی نبھائی۔ کوہلی کو ایل بی ڈبلیو کرنے کے بعد اسی اوور کی آخری گیند پر محمد سمیع کو وکٹوں کے پیچھے آؤٹ کرتے ہوئے ہندوستان کو 112/6 سے 141/8 تک محدود کردیا۔ ہاردک پانڈیا آخری 2 وکٹوں کے ساتھ ٹیم کی کامیابی کیلئے 53 رنز بنانے میں کامیاب نہیں ہوئے جیسا کہ انگلینڈ کی دوسری اننگز میں آل راؤنڈر سیام کیرن نے کیا تھا۔ پانڈیا 86 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 131 رنز اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے تاہم انہیں سلیپ میں کک کے ہاتھوں آؤٹ کرتے ہوئے اسٹوکس نے انگلینڈ ٹیم کو 1000 ویں ٹسٹ میں کامیابی دلوائی۔ اسٹوکس کی شاندار بولنگ کے دوران 19 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 11 رنز اسکور کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کو کامیابی کی سمت سے تیزی سے آگے بڑھانے کی کوشش کرنے والے ایشانت شرما کو عادل رشید نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ انگلنڈ ٹیم کیلئے دوسری اننگز میں بین اسٹوکس کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 40 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اینڈرسن نے 50 اور اسٹورٹ براڈ نے 43 رنز کے عوض فی کس 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مقابلے میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر کیرن کو ’’مین آف دی میچ‘‘ قرار دیا گیا۔