کوہلی کھیل رتن ایوارڈکے لئے نامزد

نئی دہلی۔26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )بی سی سی آئی نے کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کو راجیو گاندھی کھیل رتن، ہندستانی اے ٹیم کے کوچ راہل ڈراویڈ کو درون آچاریہ اور سابق کرکٹر سنیل گواسکر کو دھیان چند کارنامہ حیات ایوارڈکے لیے نامزد کیا۔بی سی سی آئی کے قائم مقام چیئرمین سی کے کھنہ نے کہا کہ ہندستانی کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹس کے کپتان کوہلی کو اعلی ترین کھیل ایوارڈ کھیل رتن کے لئے نامزد کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2016 میں بھی کوہلی کو کھیل رتن کے لئے نامزد کیا گیا تھا لیکن اس سال اولمپکس ہونے کی وجہ سے کوہلی کی جگہ دیپا کرماکر، پی وی سندھو، جیتو رائے اور ساکشی ملک کو کھیل رتن سے نوازا گیا تھا۔گزشتہ سال 2017 میں پیرا کھلاڑی دیویندر جھاجھریا اور ہاکی کھلاڑی سردار سنگھ کو کھیل رتن دیا گیا تھا لیکن بی سی سی آئی نے اس سال دوبارہ کوہلی کو اعلی ترین کھیل ایوارڈ کیلئے نامزد کیا ہے ۔اس کے علاوہ بی سی سی آئی کا انتظام و انصرام کرنے والی منتظمین کی کمیٹی (سی او اے ) نے بھی اس کی تصدیق کی ہے ۔