کوہلی کو پہلی ونڈے سیریز جیتنے پر دھونی کا تحفہ

ممبئی ، 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے کیپٹن ویراٹ کوہلی کو بحیثیت قائد پہلی ونڈے انٹرنیشنل سیریز جیتنے پر سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے تحفہ دیا ہے۔ کپتانوں کے درمیان یہ روایت ہے کہ وہ کوئی سیریز جیتنے کے بعد اپنے ساتھ کوئی ٹروفی گھر لے کر جاتے ہیں لیکن دھونی نے کوہلی کو اس یادگار موقع پر خود تحفہ دیا۔ گزشتہ ماہ دھونی نے ونڈے اور ٹی20 ٹیم کی قیادت چھوڑ دی، جس کے بعد تینوں فارمٹس میں ٹیم انڈیا کی کمان ویراٹ کو سونپ دی گئی۔ کپتان مقرر کئے جانے کے بعد اپنی پہلی ونڈے سیریز میں ویراٹ نے ابتدائی دو میچز جیت کر سیریز اپنے نام کر لی اور اس موقع کو یادگار بنا لیا۔ دھونی نے اس موقع کو مزید یادگار بناتے ہوئے کوہلی کو تحفتاً میچ کی گیند پیش کی، جس پر اُن کے دستخط بھی موجود تھے۔ کوہلی نے بتایا کہ دھونی نے کٹک میں کھیلے گئے دوسرے ونڈے میچ کے بعد انھیں ’میچ بال‘ تحفتاً دی۔ ’’آج کل اسٹمپس بہت مہنگی ہیں، لہٰذا ہمیں یہ گھر لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے میچ بال دیتے ہوئے کہا کہ یہ بحیثیت کپتان تمہاری پہلی کامیابی ہے اور یادگار موقع ہے۔ یہ میرے لئے یادگار موقع ثابت ہوا کیونکہ اس گیند پر دھونی کے دستخط بھی موجود ہیں‘‘۔ یاد رہے کہ 2-1 سے ونڈے سیریز جیتنے والی انڈین ٹیم نے کوہلی کی زیر قیادت مہمان انگلش ٹیم کو پانچ ٹسٹ کی سیریز میں شکست فاش (4-0) سے دوچار کیا تھا۔