کوہلی کو سنگاکارا کا ریکارڈ توڑنے کا موقع

ممبئی۔28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) زبردست فارم میں موجود ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی ویسٹ انڈیز کے خلاف پیر کو ہونے والے چوتھے ونڈے میں سری لنکا کے کمار سنگاکارا کے مسلسل چار سنچری بنانے کے عالمی ریکارڈ کی برابری کرنے اتریں گے ۔ کوہلی نے ونڈیز کے خلاف رواں سیریز کے پہلے تین میچوں میں 140، ناقابل شکست 157 اور107 رن بنائے ہیں۔ ہندستان نے گوہاٹی میں پہلا میچ جیتا۔ وشاکھاپٹنم میں دوسرا ٹائی کیا اور پونے میں تیسرا میچ گنوا دیا۔ کوہلی نے مسلسل تین سنچری سے ہندستانی کرکٹ میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے اور وہ ونڈے میں مسلسل تین سنچری بنانے والے پہلے ہندوستانی بن گئے ہیں۔ ہندوستانی کپتان کے پاس اب سنگاکارا کا2015 کا عالمی ریکارڈ ہے ۔ سنگاکارا نے 2015 کے ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف ناقابل شکست 105، انگلینڈ کے خلاف ناقابل شکست 117، آسٹریلیا کے خلاف 104 اور اسکاٹ لینڈ کی خلاف 124 رن بنائے تھے ۔ کوہلی کے پاس موقع ہے کہ وہ سیریز میں مسلسل چوتھی سنچری بنائیں اور سنگاکارا کے ریکارڈ کی برابری کریں۔ ونڈے میں مسلسل تین سنچری بنانے والے دیگر بیٹسمینوں میں پاکستان کے ظہیر عباس، سعید انور اور بابر اعظم، جنوبی افریقہ کے ہرشل گبز، اے بی ڈی ولیرس اور کوئنٹن ڈی کاک، نیوزی لینڈ کے راس ٹیلر اور انگلینڈ کے جانی بیرسٹو شامل ہیں۔ بیرسٹو نے 2018 میں ہی مسلسل تین سنچری بنائیں ۔ کوہلی کی تیسرے ونڈے میں سنچری ان کے ونڈے کیریئر کی 38 ویں، ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 23 ویں اور جملہ 62 ویں بین الاقوامی سنچری ہے۔ بین الاقوامی سنچری بنانے کے معاملے میں کوہلی ابھی جنوبی افریقہ کے جیاک کیلس کی برابری پر آ گئے ہیں اور مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔کیلس نے 519 میچوں میں 62 سنچری بنائیں جبکہ کوہلی نے 349 میچوں میں ہی62 سنچریاں بنا دی ہیں۔ سری لنکا کے سنگاکارا نے 594 میچوں میں63 سنچریاں، آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ نے560 میچوں میں 71 سنچریاں اور ہندستان کے سچن تندولکر نے664 میچوں میں100 سنچریاں بنائی ہیں۔