دبئی۔یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولر اور پاکستان سوپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے قائم مقام کپتان رومان رئیس نے کہا ہے کہ کیریئر کے دوران ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو آؤٹ کرنا خواب ہے اور دنیا کا نمبر ایک بولر بننا مقصد ہے۔پاکستان سوپر لیگ میں مصباح الحق کے زخمی ہونے پر نوجوان فاسٹ بولر رومان رئیس کو قائم مقام کپتان مقرر کیا گیا جنہوں نے پہلے میچ میں ناکامی کے بعد دوسرے میچ میں اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کیریئر کے دوران کوہلی کو آؤٹ کرنا چاہتا ہوں، اگر ایک مرتبہ بھی آؤٹ کیا تو اسے اپنی بڑی کامیابی سمجھوں گا۔نوجوان فاسٹ بولر نے کہا کہ میں نے ابھی تک اسٹیون اسمتھ، کوہلی اور ڈی ویلیئرز کو بولنگ نہیں کی اور جب بھی موقع ملا اس پر خوشی ہو گی، میں چیلنج تو نہیں کرتا لیکن مجھے پوری امید ہے کہ جب بھی کوہلی کا سامنا ہوا تو میں بھرپور اعتماد سے بولنگ کرا کر وکٹ حاصل کروں گا۔انہوں نے کہا کہ بڑے کھلاڑیوں کے خلاف بولنگ سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے، کیوی قائد ولیمسن کو آؤٹ کرنا بہت مشکل ہے لیکن میں نے گزشتہ سال سیریز کے دوران انہیں چار مرتبہ اپنا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح میں کوہلی، ڈی ویلیئرز اور اسمتھ کا سامنا کرنے کیلئے بے تاب ہوں اور جب بھی موقع ملے گا میں انہیں آؤٹ کرنے کیلئے اپنی بہتر بولنگ کا مظاہرہ کروں گا۔واضح رہے کہ رومان کو 9 ونڈے اور 8 ٹوئنٹی20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔