کوہلی کو آرام کی ضرورت تھی : شاستری

نئی دہلی ۔2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ روی شاستری نے کپتان ویرات کوہلی کو ایشیا کپ میں آرام دینے کی وجہ بتادی۔گلف نیوز کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں ہیڈ کوچ نے کہا کہ کوہلی ایک مضبوط کھلاڑی ہیں، انہیں میدان سے ہرگز دور نہیں رکھا جاسکتا، لیکن پھر بھی انہیں آرام کی ضرورت تھی۔ شاستری نے مزید کہا کہ کوہلی کو آرام دینے کی وجہ انہیں ذہنی سکون فراہم کرنا تھا، وہ کرکٹ سے تھوڑا دور ہو کر ذہنی سکون حاصل کریں اور آئندہ سیزن کے لیے تازہ دم رہیں۔ مستقبل میں مزید کھلاڑیوں کو اسی طرح آرام دینے کا ارادہ ہے، جیسا کہ سب جانتے ہیں کہ جسپریت بمرا اور بھوونیشور کمار ٹیم کے لیے کتنے اہم کھلاڑی ہیں، تاہم ہمیں ان جیسے کھلاڑیوں کو تازہ دم اور توانا رکھنا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ میں کوہلی کو ٹیم میں شامل نہیں کیاگیا تھا جبکہ قیادت کی ذمہ داری روہت شرما کو سونپ دی گئی تھی۔ روہت شرما کی قیادت میں ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایونٹ میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے خطاب اپنے نام کیا۔ کوہلی کو دوبارہ ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے اور وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹسٹ سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔