کوہلی کا پاکستانی پرستار ’ترنگا‘ لہرانے پر گرفتار

میں ویراٹ کوہلی کا پرستار ہوں، عمر دراز کا پولیس ریمانڈ
لاہور ، 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں پولیس نے ایک شخص کو اپنے مکان پر ہندوستانی پرچم ’ترنگا‘ لہرانے پر حراست میں لیا ہے۔ یہاں سے تقریباً 200 کیلومیٹر کے فاصلے پر واقع اوکاڑہ کے صدر تھانہ سرکل کے ایک عہدہ دار محمد جمیل نے بتایا کہ عمر دراز نامی شخص کو منگل کو گرفتار کیا گیا ۔ انھوں نے مزید بتایا کہ عمر دراز کو منگل ہی کو عدالت میں پیش کیا گیا اور عدالت نے عمر کا جوڈیشل ریمانڈ دے دیا۔ پولیس عہدہ دار کے مطابق عمر دراز کے خلاف 16 ایم پی او اور 123 اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ عمر دراز نے اوکاڑہ کے ایک گاؤں میں اپنے مکان پر ہندوستانی پرچم لہرایا ہے جس پر پولیس نے اُس مکان پر گزشتہ روز چھاپہ مارا۔ پولیس کے مطابق عمر دراز کا کہنا ہے کہ وہ ویراٹ کوہلی کا پرستار ہے۔ خود عمر دراز نے میڈیا والوں کو بتایا: ’’ میں ویراٹ کوہلی کا بڑا پرستار ہوں۔ میں کوہلی کی وجہ سے انڈین ٹیم کی حمایت کرتا ہوں۔ مکان کی چھت پر ہندوستانی پرچم لہرانا صرف اُس ہندوستانی کرکٹر کیلئے میری چاہت کا اظہار ہے۔‘‘