کوہلی کا نمبر 1 رینک برقرار

دوبئی 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی اوپنر روہت شرما دوبارہ پانچویں پوزیشن کے ساتھ ٹاپ 5 میں واپس ہوگئے ہیں جبکہ کپتان ویراٹ کوہلی نے تازہ آئی سی سی او ڈی آئی درجہ بندی میں جو آج جاری کی گئی، نمبر ایک پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ روہت گزشتہ روز آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں جو ہندوستان میں 4-1 سے جیتی، سب سے زیادہ رنز بناتے ہوئے چھلانگ لگاتے ہوئے پانچویں پوزیشن حاصل کرلی۔ روہت نے سیریز میں 296 رنز بنائے جن میں ناگپور کے آخری میچ کی سنچری (125) شامل ہے۔ اُن کے اوپننگ پارٹنر اجنکیا رہانے بھی رینکنگ میں ترقی کے ساتھ اب 24 ویں مقام پر پہونچ گئے ہیں۔ بولروں کی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کے لیگ اسپنر عمران طاہر نے دوبارہ ٹاپ پوزیشن پالی۔ آسٹریلیا کے پیس بولر جوش ہیزل ووڈ انڈیا سیریز انجری کے سبب نہیں کھیل پائے جس کا انھیں رینک میں تنزلی کے ساتھ نقصان ہوا ہے۔ آل راؤنڈرس کی فہرست میں بنگلہ دیش کے ثاقب الحسن اوّل ہیں جبکہ انگلینڈ کے بین اسٹوکس ٹاپ 5 میں پہونچ گئے ہیں۔