کوہلی پلیز سیمی فائنل میں زیادہ اچھا نہ کھیلنا : گیل

ممبئی ، 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز بیٹسمن کرس گیل نے ہندوستانی اسٹار ویراٹ کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاریہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹورنمنٹ میں میزبان ٹیم سیمی فائنل میں اپ سٹ کیلئے تیار رہے۔ گیل نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ کوہلی کی فام کوئی ’تعجب والی بات نہیں ‘ اور از راہِ مزاح کوہلی سے کہا کہ جمعرات کو مقررہ سیمی فائنل میں زیادہ اچھا نہ کھیلنا۔ فرانسیسی نیوز ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کے دوران میڈیا سے گفتگو میں جارحانہ اوپنر نے کہا: ’’میں کئی بار پہلے بھی یہ کہہ چکا ہوں کہ کوہلی ورلڈ کلاس کھلاڑی ہے۔‘‘ انھوں نے مزاحیہ ریمارک کیا:’’میں امید کر رہا ہوں کہ کوہلی پلیز اچھا نہ کھیلنا۔ وہ رن بنا سکتا ہے لیکن ہارنے کیلئے۔ ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔‘‘ گیل نے اس بات پر زور دیا کہ ویسٹ انڈیز صرف کوہلی پر ہی اپنی پوری توجہ نہیں دے گی۔ انڈین ٹیم میں بہت سے کھلاڑی ہیں جو میچ جتوا سکتے ہیں اور ان میں کوئی بھی عمدہ کھیل پیش کر سکتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ بہت مشکل ہے کہ کسی ایک ہندوستانی کھلاڑی کے بارے میں ہی بات کی جائے۔