سڈنی۔24جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راہول ڈراویڈ نے کہا ہے کہ ویراٹ کوہلی کو درمیانی اوورس میں بہتر مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ ہندوستانی ٹیم ورلڈ کپ میں ویراٹ کوہلی پر انحصار کررہی ہے ۔ ڈراویڈ نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کو اپنے خطاب کے دفاع کیلئے ویراٹ کوہلی پر انحصار کرنا پڑرہا ہے لیکن اسٹار بیٹسمین پر حد سے زیادہ انحصار ہندوستان کیلئے نقصاندہ ہوسکتا ہے ۔ ڈراویڈ نے مزید کہا کہ ویراٹ کوہلی کو ورلڈ کپ میں مقابلوں کے دوران درمیانی اوورس میں بہتر مظاہرہ کرنا ہوگا چونکہ ٹیم ان پر زیادہ انحصار کررہی ہے اور انہیں بہتر مظاہرہ کے ذریعہ دیگر کھلاڑیوں کیلئے کام آسان کرنا ہوگا ۔ علاوہ ازیں جس طرح ویراٹ کوہلی ٹیم کیلئے بیٹنگ کررہے ہیں اُسی طرح میڈل آرڈر میں دیگر بیٹسمینوں میں خصوصاً مہیندر سنگھ دھونی اور سریش رائنا کو بہتر مظاہرہ کرنے کے علاوہ مقابلے کا شاندار اختتام کرنا ہوگا ۔ کرکٹ کی ویب سائیٹ ای ایس پی این کرک انفو سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈراویڈ نے کہا کہ ورلڈ کپ میں دھونی اور رائنا پر اہم ذمہ داری عائد ہوسکتی ہے ۔ اس موقع پر ڈراویڈ کے ساتھ جنوبی افریقی ٹیم کے سابق کپتان گرائم اسمتھ بھی موجود تھے جنہوں نے کوہلی کو ایک غیر معمولی بیٹسمین قرار دیا ۔ کوہلی کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے اسمتھ نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ کوہلی ایک غیرمعمولی کھلاڑی ہیں جو کہ اسپن اور فاسٹ بولنگ کو بہتر طریقہ سے کھیلتے ہیں
اور یہی چیز ان کیلئے فائدہ مند ہورہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک مرتبہ کوہلی بیٹنگ کرتے ہیں اور رنز اسکور کرنے شروع کرتے ہیں تو پھر ان کی بیٹنگ دیکھنے کے لائق ہوتی ہے ۔ مہیندر سنگھ دھونی جنہوں نے آسٹریلیا کے دورہ کے موقع پر ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہوتے ہوئے طویل طرز کی کرکٹ میں کوہلی کو ذمہ داری سونپی ہے لیکن ڈراویڈ سمجھتے ہیں کہ محدد اوورس کی کرکٹ دھونی کے مزاج کے مطابق ہے جس میں وہ ہنوز بہتر مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ ڈراویڈ نے فاسٹ بولنگ شعبہ میں خصوصاً اننگز کے آخری اوورس میں ہندوستانی بولروں کے ناقص مظاہرے کے متعلق کئے جانے والے حالیہ خیالات سے عدم اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ جس طرح فاسٹ بولروں کے مظاہروں پر تنقید کی جارہی ہے وہ صدفیصد نہیں ۔
ڈراویڈ کے بموجب فاسٹ بولنگ شعبہ میں محمد سمیع بہترین یارکرس ڈالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور جب وہ بہتر بولنگ کرتے ہیں تو پھر حریف بیٹسمینوں کیلئے وکٹ پر زیادہ دیر کھڑے رہنا مشکل ہوتا ہے ۔ دراز قد فاسٹ بولر ایشانت شرما کو ونڈے میں کبھی کامیابی اور کبھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے باوجود وہ ایک بہتر بولر ہیں ۔ بھونیشور کمار نئی گیند کے ساتھ ایک متاثر کن بولر ثابت ہوتے ہیں ۔ ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف ٹیم کے افتتاحی مقابلے کے ضمن میں ڈراویڈ نے کہا کہ اس مقابلہ کے دوران دونوں ہی ٹیموں کے کھلاڑیوں پر یکساں دباؤ رہے گا کیونکہ دونوں ہی ٹیموں کے کھلاڑیو سے امیدیں وابستہ ہونے کے علاوہ دونوں ہی ٹیمیں ٹورنمنٹ کا آغاز کامیابی کے ساتھ کرنے کے لئے کوشاں ہوگی۔ اسمتھ نے کہا کہ ہندوستان دباؤمیں بہتر مظاہرہ کرتاہے ۔