نئی دہلی ۔ 9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے غیر ملکی کھلاڑیوں کو پسند کرنے پر ملک چھوڑنے کا مشورہ دینے والے بیان پر بھلے ہی وضاحت پیش کر دی ہے لیکن یہ معاملہ ابھی ختم ہوتا نظر نہیں آرہا۔کرکٹ مداح ہی نہیں بلکہ بالی ووڈ اسٹار بھی ان کے بیان کی مخالفت کر رہے ہیں۔ اس میں نیا نام اداکار سدھارتھ کا شامل ہوا ہے۔ فلم رنگ دے بسنتی کے اداکار سدھارتھ نے کوہلی کی تنقید کو بے وقوفی بتاتے ہوئے کہا ،’’ اگر آپ کنگ کوہلی بنے رہنا چاہتے ہیں تو اب یہ سیکھنے کا وقت آگیا ہے کہ مستقبل میں کچھ بولنے سے قبل سوچیں کی ڈراویڈ کیا کہیں گے؟ ایک ہندوستانی کپتان نے کیسے بے قوفی بھرے الفاظ کہے۔ سوشل میڈیا پر مسلسل تنقید کے بعد کوہلی کو ٹویٹر پر اپنے اس بیان پر صفائی پیش کرنی پڑی ہے۔ کوہلی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ مجھے لگتا ہے کہ ٹرولنگ کرنا میرے لئے نہیں ہے دوستو، میں خود ٹرول ہونے سے ہی مطمئن ہوں ، میں نے اس شخص کے بیان میں۔ ان ہندوستانیوں والے لفظ پر جواب دینے کی کوشش کی تھی ، میں بھی پسند کی آزادی کے حق میں ہوں ، دوستوں تہوار کا لطف لیجئے اور پرامن رہئے۔ سب کو پیار ۔ یاد رہے کہ اپنی سالگرہ پر کوہلی نے اپنا ایک ایپ لانچ کیا ہے ، جس پر ایک تبصرہ میں انہوں نے کہا کہ جن ہندوستانیوں کو دوسرے ممالک کے کھلاڑی پسند ہیں ، انہیں ملک چھوڑ دینا چاہئے۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر نہ صرف کوہلی پر شدید تنقیدیں ہوئیں بلکہ ان کی حب الوطنی پر بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ دریں اثناء کوہلی کے اس بیان پر بی سی سی آئی بھی ناراض ہے۔ تفصیلات کے مطابق بی سی سی آئی نے کوہلی کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔ ایک خبر کے مطابق بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ یہ بہت غیر ذمہ دارانہ بیان ہے ، انہیں زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے ، انہیں یہ سمجھنا چاہئے کہ وہ ہندوستانی شائقین کی وجہ سے ہی کمائی کررہے ہیں ۔