دبئی۔6 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میں شاندار کارکردگی سے کپتان ویراٹ کوہلی ہندوستانی ٹیم کو کامیابی سے تو ہمکنار نہ کرا سکے لیکن اس عمدہ کارکردگی کی بدولت وہ ٹسٹ کرکٹ میں عالمی نمبر ایک بیٹسمین بن گئے ہیں۔انگلینڈ اور ہندوستان کے درمیان ایجبسٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی جاری کردہ نئی ٹسٹ درجہ بندی میں کوہلی عالمی نمبر ایک بیٹسمین بن گئے ہیں۔کوہلی نے کیریئر کے بہترین 934 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کر لیے اور سابق آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ کو عالمی نمبر ایک مقام سے محروم کردیا جن کے نشانات کی تعداد 929 ہے۔کوہلی نے انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 149رنز کی شاندار اننگز کھیل کر کیریئر کی 22ویں سنچری اسکور کی اور پھر 194رنز کے ہدف کے تعاقب میں 51 رنز کی اننگز کھیل کر میچ میں مجموعی طور پر 200رنز بنائے۔اسمتھ نے رواں سال کیپ ٹاؤن ٹسٹ میں بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد عائد پابندی کے بعد سے کوئی ٹسٹ میچ نہیں کھیلا اور اسی وجہ سے ان کے ریٹنگ پوائنٹس میں اضافہ نہیں ہو سکا اور کوہلی نے 5 نشانات کی برتری حاصل کر کے انہیں اس مقام سے محروم کردیا۔اس کارکردگی کی بدولت کوہلی ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے والے ہندوستانی بیٹسمین بن گئے ہیں جہاں ان سے قبل سنیل گواسکر نے 1979 میں 916 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے تھے جبکہ تیسرے نمبر پر موجود سچن تنڈولکر کے بہترین ریٹنگ پوائنٹس 898 تھے۔اس شاندار کارکردگی کے ساتھ کوہلی 2011 کے بعد عالمی نمبر ایک ٹسٹ بیٹسمین بننے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی ہیں جہاں ان کے آئیڈیل تنڈولکر نے اس سے قبل یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔اس کے ساتھ ساتھ کوہلی نے ایک ایسا منفرد اعزاز حاصل کیا جو آج تک کوئی اور ہندوستانی کھلاڑی حاصل نہیں کر سکا اور وہ بیک وقت ٹسٹ اور ونڈے کرکٹ میں عالمی نمبرایک بیٹسمین بننے والے پہلے ہندوستانی ہیں۔اگر کوہلی اپنی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہیں تو وہ ٹسٹ کرکٹ میں سب سے بہترین ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے والے ایشیائی کھلاڑی بن سکتے ہیں جہاں 938 پوائنٹس کے ساتھ یہ اعزاز سری لنکا کے کمار سنگاکارا کے پاس ہے۔اس کے علاوہ ٹسٹ درجہ بندیمیں ابتدائی 10بیٹسمینوں کی فہرست میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی جبکہ جیمز اینڈرسن نے اپنا عالمی نمبر ایک بولر کا منصب برقرار رکھا۔