ڈربن۔2 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے ونڈے کیریئر میںجملہ33 ویں اور بطور کپتان11 ویں سنچری بنا کر سابق کپتان سورو گنگولی کے ریکارڈ کی برابری کر لی۔ کوہلی نے جمعرات کو میزبان جنوبی افریقہ کے خلاف چھ میچوں کی ونڈے سیریز کے پہلے میچ میں 112 رنز کی سنچری بناکر کپتان کے طور پر 11 ویں سنچری مکمل کی۔ کوہلی نے جہاں کپتان کے طور پر11 ویں سنچری بنانے کے لئے صرف41 اننگز کا سہارا لیا تو وہیںگنگولی نے 142 اننگز میں یہ کامیابی حاصل کی تھی۔رنز کا تعاقب کرتے ہوئے کوہلی کی یہ 20ویں سنچری تھی جس میںسے 18مرتبہ ہندستان نے کامیابی درج کی ہے ۔کوہلی کی جنوبی افریقہ میں ونڈے میں یہ پہلی سنچری تھی اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کو چھوڑ کر ان تمام نو ممالک میں سنچری بنائی ہے جہاں انہوں نے ونڈے میچ کھیلے ہیں ۔کپتان کوہلی نے 119گیندوں میں 10چوکوں کی مدد سے شاندار 112رنز بنائے اور اپنے ونڈے کیریئر کی 33 ویں سنچری بنالی ۔کوہلی کی اس کپتانی اننگز کی بدولت ہندستان نے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو 27گیند باقی رہتے چھ وکٹ سے شکست دے کر چھ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی اور ساتھ ہی آئی سی سی ون ڈے درجہ بندی میں نمبر ایک مقام بھی حاصل کر لیا۔