کوہلی نے سمندر پار کیلنڈر ایئر میں رنز کا ریکارڈ توڑا

ملبورن ، 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کیپٹن ویراٹ کوہلی نے آج راہول ڈراویڈ کے سمندر پار کسی ہندوستانی کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کے دیرینہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑدیا، جو اُن کے کارہائے نمایاں میں ایک اور اضافہ ہے۔ بی سی سی آئی نے ٹوئٹ میں بتایا کہ آج 82 رنز اسکور کرتے ہوئے کوہلی نے سمندر پار ٹسٹ کرکٹ میں ایک کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز کے معاملے میں راہول ڈراویڈ (1137) کو پیچھے چھوڑا ہے ۔ تیسرے ٹسٹ کے آج ایم سی جی پر دوسرے روز 82 کی اننگز کے ساتھ کوہلی نے 1138 رنز اپنے نام کرلئے۔ ڈراویڈ نے 1137 رنز اسکور کرتے ہوئے 2002ء سے یہ ریکارڈ برقرار رکھا تھا۔ کوہلی اور ڈراویڈ کے علاوہ موہندر امرناتھ نے 1065 رنز جبکہ لجنڈ سنیل گواسکر نے 918 رنز بنائے تھے۔ کوہلی کا بیٹنگ میں یہ سنسنی خیز سال رہا ہے، انگلینڈ میں پانچ ٹسٹ میں تقریباً 600 رنز بنائے اور جنوبی افریقہ میں تین ٹسٹ میں معقول حصہ ادا کیا ہے۔