کولمبو۔ یکم ستمبر(سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے رواں برس سب سے زیادہ ونڈے رنز کے معاملے میں جنوبی افریقی قائد فاف ڈوپلیسی کو پیچھے چھوڑ دیا۔سری لنکا سے2 مقابلوں میں بطور بیٹسمین ناکام رہنے کے بعد چوتھے ونڈے میں کوہلی نے تلافی کرتے ہوئے اپنی 29 ویں سنچری اسکور کی۔ اس کے ساتھ انھوں نے رواں کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ ونڈے رنز بنانے کا بھی اعزاز حاصل کرلیا۔کوہلی نے17 میچز میں 869 رنز 100 سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ سے بنائے ہیں اور 28 سالہ بیٹسمین نے اس دوران 3 سنچریاں اور 6 نصف سنچریاں بھی اسکور کیں۔واضح رہے کہ وہ اس وقت ونڈے بیٹسمینوں کی درجہ بندی میں نمبرایک مقام پر موجود ہیں اور اس کے ساتھ کوہلی نے 50 اوورز کی کرکٹ میں زیادہ سنچریاں اسکور کرنے کے معاملے میں سنت جے سوریا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا جب کہ سری لنکا کے خلاف سب سے زیادہ 7 سنچریوں میں وہ سابق پاکستانی بیٹسمین سعید انور کے شریک ہوگئے ہیں۔سری لنکا کے خلاف رواں سیریز میں ویراٹ کوہلی دوسرے اور تیسرے مقابلے میں ناکام رہے حالانکہ انہوں نے پہلے مقابلے میں ناقابل تسخیر نصف سنچری اسکور کی تھی لیکن چوتھے ونڈے میں انہوں نے تیز رفتار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اپنے کرئیر کی 29ویں سنچری اسکور کی ۔