l میچ کے دوران میدان پر کمپیوٹر اور رابطہ کے آلات کے استعمال کی اجازت نہیں
نئی دہلی۔2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کونیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے مرتکب دکھایا گیا تھا۔تفصیلات کے مطابق کوہلی کی ایک تصویر سامنے آئی جس میں وہ دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں میچ کے دوران واکی ٹاکی پر کسی سے بات کرتے ہوئے نظر آرہے تھے۔ رپورٹس کے مطابق کپتان کوہلی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے واکی ٹاکی استعمال کرتے رہے۔کوہلی کی تصویر منظر عام پر آنے کے بعد میڈیا میں ہنگامہ برپا ہوگیا کہ کوہلی آئی سی سی کے قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں اور ان کے خلاف بڑی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ تاہم آئی سی سی نے معاملے کی تحقیقات کرنے کے بعد کوہلی کوکلین چٹ دے دی ہے۔آئی سی سی کے دفعہ 4.2 کے مطابق میچ کے دوران کسی بھی قسم کے لیپ ٹاپ، انٹر نیٹ، لینڈ لائن ، فون یا کسی دوسرے آلے کے استعمال پر پابندی ہوتی ہے۔ تاہم کھلاڑی آپس میں بات چیت کے لیے ڈگ اور ڈریسنگ روم کے درمیان واکی ٹاکی استعمال کرسکتے ہیں۔ کوہلی نے مینجر سے واکی ٹاکی استعمال کرنے کی اجازت بھی لی تھی۔ واضح رہے ان دنوں ہندوستانی ٹیم ویراٹ کوہلی کی قیادت میں یکے بعد دیگر مختلف ممالک کے خلاف کھیلی جانے والی سیریزوں میں فتوحات حاصل کررہی ہے لیکن ساتھ ہی ویراٹ کوہلی کے میدان پر جارحانہ رویہ پر تنقیدیں بھی کی جارہی ہیں جس میں ہندوستانی انڈر19 ٹیم کے کوچ اور سابق کپتان راہول ڈراویڈ بھی شامل ہیں جنہوں نے گذشتہ روز اپنے ایک تفصیلی انٹرویو میں ویراٹ کوہلی کی جارحیت پر سخت الفاظ ادا کئے تھے۔