لندن ۔3 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ اپنے عروج کی سمت گامزن ہے ، جہاں سبھی ٹیمیں ورلڈ کپ ٹرافی حاصل کرنے کے لیے میدان میں ہیں وہیں اْن کی کچھ اپنی تلخ یادیں بھی کھیل کے میدان میں چل رہی ہیں اور ان ہی میں ربادا کا کوہلی کے ساتھ برتاؤ یاد ہے۔ جنوبی افریقی فاسٹ بولر کاگسو ربادہ آئی پی ایل کے دوران ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی سے ہونے والی فقرے بازی کو ابھی تک نہیں بھولے ہیں اسی لیے انہوں نے کوہلی کو ایک حالیہ انٹرویو میں غیر سنجیدہ کھلاڑی قرار دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ربادا نے ایک انٹرویو میں کوہلی سے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوہلی ایک غیر سنجیدہ انسان ہیں، وہ گالیاں دیتے ہیں لیکن جواب میں گالیاں سننے کی اْن میں ہمت نہیں ہے، وہ کھیل کے دوران میدان میں ہر وقت غصے میں رہتے ہیں۔ 24 سالہ ربادا نے اپنی اور کوہلی کی آئی پی ایل میچ کے دوران ہوئی فقرے بازی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ میں کھیل کے بارے میں سوچ رہا تھا، کوہلی نے آکر مجھے مارا اورکچھ برے الفاظ بھی ادا کیے، جس پر میں نے بھی پلٹ کر جواب دیا تو وہ غصہ میں آ گئے۔ فاسٹ بولر ربادا نے مزید کہا کہ کوہلی میری سمجھ سے باہر انسان ہیں، شاید وہ اس لیے ایسا کرتے ہیں کہ یہ اْن کی عادت ہے لیکن یہ میرے لئے انتہائی افسوس ناک تھا۔ وہ ایک غیر معمولی کھلاڑی ضرور ہیں لیکن اْنہیں اس بات کا غلط استعمال نہیں کر نا چاہیے۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقہ آئی سی سی ورلڈ کپ میں اپنے 2 میچز کھیل چکی ہے اور اسے دونوں ہی مقابلوں میں ناکامی برداشت کرنی پڑی جبکہ ہندوستان کے خلاف وہ 5 جون کو اپنا تیسرا مقابلہ کھیلے گی جوکہ ہندوستان کا ٹورنمنٹ میں پہلا مقابلہ ہوگا۔