ممبئی 29 اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کے خلاف یہاں منعقدہ چوتھے ونڈے میں سب کی نظریں ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی پر مرکوز تھی کیونکہ وہ سیریز میں پہلے ہی متواتر تین سنچریاں اسکور کرتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے ہندوستانی ہونے کا اعزاز حاصل کرچکے تھے اور چوتھے ونڈے میں وہ متواتر چوتھی سنچری اسکور کرتے ہوئے سری لنکا کے سابق کپتان کماراسنگاکارا کے ریکارڈ کی برابری کرسکتے تھے لیکن وہ 17 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 16 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے جبکہ روہت شرما نے شاندار بیٹنگ کی اور ان کے ایکشن کے دوران شائقین ان سے چوتھی ڈبل سنچری کی امید لگا چکے تھے لیکن وہ بھی یہ کارنامہ انجام دینے سے چوکے۔ روہت شرما نے 137 گیندوں میں 20 چوکوں اور 4 چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 162 رنز اسکور کئے جبکہ نمبر 4 پر امباٹی رائیڈو نے 81 گیندوں میں 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 100 رنز بناتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور 377/5 میں اہم رول ادا کیا۔ روہت اور رائیڈو کے درمیان تیسری وکٹ کیلئے 211 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی۔ اس مقابلہ میں تنقیدوں کے زد میں موجود سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو کیدار جادھو سے اوپر بیٹنگ کیلئے روانہ کیا گیا تاہم انہوں نے 15 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 23 رنز اسکور کئے۔ دھونی نے اس مقابلہ میں بہتر شروعات تو کی لیکن جس معیار کیلئے ان کی بیٹنگ مشہور ہے اس کا مظاہرہ کرنے میں پھر ایک مرتبہ ناکام رہے۔ کیدار نے واپسی پر 7 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 16 رنز اسکور کئے۔ ویسٹ انڈیز کیلئے کیمر روچ نے 10 اوورس میں 74 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ایشنی نرس اور پال نے فی کس ایک کھلاڑی کوں آوٹ کیا۔ پال نے 10 اوورس میں 88 رنز دیئے جبکہ نرس نے 8 اوورس میں 57 رنز دیئے۔ ویسٹ انڈیز نے جملہ 7 بولروں کا استعمال کیا۔