کوہلی سابق ماسٹر سچن سے زیادہ بہتر : جیف تھامسن

ممبئی۔6 نومبر(سیاست ڈاٹ کام ) اپنے دور کے تیز ترین بولر جیف تھامسن نے موجودہ کپتان ویراٹ کوہلی کو سابق بیٹسمین سچن تنڈولکر سے زیادہ اچھا بیٹسمین قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے لیجنڈ کرکٹر سچن تنڈولکر بہت اچھے بیٹسمین تھے لیکن کوہلی ان سے زیادہ بہتر ہیں جو ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنا جانتے ہیں۔اگرچہ یہ بحث کبھی ختم نہیں ہوگی کہ دونوں میں زیادہ اچھا کھلاڑی کون ہے تاہم میں ویرات کوہلی کو بہتر سمجھتا ہوں کیونکہ اس کے پاس بیٹنگ ورائٹی زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوہلی کی کارکردگی ہم سب کے سامنے ہے جس تسلسل سے وہ اچھا کھیل رہے ہیں یہی ان کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جیف تھامسن نے جدید دور کی کرکٹ میں جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کو انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن سے بہتر قرار دیا۔ جیمز اینڈرسن نے بیشتر وکٹیں ہو م گراونڈ پر لی ہیں جبکہ ڈیل اسٹین کسی بھی جگہ وکٹیں لے سکتے ہیں۔ تھامسن نے ورلڈکپ سے متعلق کہا ہے کہ ایشیا کپ میںناقص کارکردگی کے باوجود پاکستان ٹیم بڑا خطر ہ بن سکتی ہے۔