کوہلی ‘ بیٹنگ کے تمام ریکارڈز توڑ دینگے : وقار یونس

فٹنس اور صلاحیتوں میں بہتری پر توجہ قابل قدر ۔ سابق اسٹار پاکستانی فاسٹ بولر کا تاثر

کراچی 24 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے سابق کرکٹ کپتان وقار یونس نے آج اس خیال کا اظہار کیا کہ ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی آئندہ برسوں میں بیٹنگ کے تمام ریکارڈم توڑ دینگے ۔ وقار یونس نے کہا کہ جس طرح سے وہ اپنی فٹنس پر توجہ دے رہے ہیں اور جس طرح سے اپنے کھیل سے محظوظ ہوتے ہیں اور جس طرح سے اپنی صلاحیتوں میں بہتری لانے پر توجہ دیتے ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ ان کی قسمت میں آئندہ برسوں میں تمام بیٹنگ ریکارڈز توڑنا لکھا ہے ۔ سابق فاسٹ بولر نے پاکستان کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے گذشتہ سال استعفی پیش کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کوہلی عصر حاضر کی کرکٹ میں سب سے زیادہ با صلاحیت کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے اپنے دور کے بلے بازوں سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حالانکہ گذشتہ ایک دہے میں کرکٹ مے ڈرامائی تبدیلیاں آئی ہیں لیکن وہ اب بھی سمجھتے ہیں کہ ویراٹ کوہلی سب سے زیادہ با صلاحیت ہیں کیونکہ وہ اپنی فٹنس اور بیٹنگ صلاحیتوں میں بہتری لانے پر زیادہ توجہ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے میں دیکھتا ہوں میرے خیال میں بیٹنگ ریکارڈز میں ویراٹ کوہلی بیٹنگ ریکارڈز قائم کرنے کے معاملہ میں کئی کامیابیاں حاصل کرینگے ۔ سچن تنڈولکر اور برین لارا کے درمیان تقابل سے متعلق سوال کے جواب میں وقار یونس نے کہا کہ وہ سچن تنڈولکر کو برین لارا سے بہتر مانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سچن کے خلاف بہت زیادہ کرکٹ کیھلی ہے ۔ سچن نے پاکستان کے خلاف ہی اپنے کیرئیر کی شروعات کی تھی اور میں نے انہیں کئی برسوں پروفیشنل کرکٹر کی حیثیت سے دیکھا ہے ۔ اور میں نے ان سے زیادہ پرعزم بلے باز نہیں دیکھا ۔ میں جن بلے بازوں کے خلاف بولنگ کرتا تھا ان میں سب سے زیادہ چیلنج سچن تنڈولکر تھے ۔ انہوں نے کہا کہ برین لارا بھی فطری صلاحیتوں کے حامل بہترین کھلاڑی رہے ہیں اور اپنے فارم میں وہ کسی کیلئے بھی تباہ کن ثابت ہوسکتے ہیں۔ وقار یونس نے کہا کہ بحیثیت کپتان اور بحیثیت کوچ ان کے دور میں انہوں نے کبھی ڈسیپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ہمیشہ یہ ماننا رہا ہے کہ جب تک آپ کرکٹ جیسے کھیل میں ڈسیپلن کے پابند نہیں رہیں گے اس وقت تک آپ کی صلاحیتیں ٹیم کیلئے کارگر ثابت نہیں ہونگی ۔