دبئی۔ 24؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ ہندوستان کے سرفہرست بیٹسمین ویراٹ کوہلی آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ونڈے درجہ بندی میں بدستور دوسرے مقام پر فائز ہیں جب کہ ٹیم کے میڈیم فاسٹ بولر بھونیشور کمار نے بولروں کی درجہ بندی میں ایک مقام کی ترقی حاصل کرتے ہوئے ساتویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ دریں اثناء جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈیولیئرس نہ صرف پہلے مقام پر موجود ہیں بلکہ انھوں نے اپنا مقام مزید مستحکم کرلیا ہے۔ ڈیولیئرس نے آسٹریلیا کے خلاف منعقدہ ونڈے سیریز میں بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پہلے مقام کو 25 نشانات کے فرق سے مزید مستحکم کرلیا ہے اور اس طرح ڈیولیئرس نے کوہلی سے مزید بہتر درجہ بندی کے نشانات حاصل کرلئے ہیں۔ نیز نمبر تین پر موجود جنوبی افریقی اوپنر ہاشم آملہ نے 34 نشانات کے فرق سے کوہلی سے پیچھے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف جنوبی افریقی وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈی کاک جنھوں نے آخری میچ میں میزبان ٹیم کے خلاف پہلی سنچری اسکور کی ہے، ان کے ہمراہ جیمس فالکنر اور آرون فنچ نے بھی درجہ بندی میں بڑی چھلانگ لگائی ہیں۔ اتوار کو آسٹریلیا کے خلاف 109 رنز کی اننگز کھیلنے والے ڈی کاک نے 36 مقابلوں میں اپنے کریر کی چھٹی سنچری اسکور کی ہے اور مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے درجہ بندی میں 2 نشانات کی چھلانگ لگائی ہے۔ اس طرح اب وہ 7 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ آسٹریلیائی اوپنر آرون فنچ جنھوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف منعقدہ سیریز میں ڈیولیئرس (271)، اسٹیون اسمتھ (254) کے بعد 250 رنز اسکور کئے ہیں، انھوں نے ان مظاہروں کی بدولت 6 مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے 15 واں مقام حاصل کرلیا ہے۔