کوہلی ایک اور ریکارڈ سے 82 رنز دور

میلبورن ۔25 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی آسٹریلیا میں اپنی بہترین فارم میں کھیل رہے ہیں اور میلبورن ٹسٹ میں وہ سابق کپتان راہول ڈراویڈ کے ایک اہم ریکارڈ کو پیچھے چھوڑنے سے چند قدم دوررہ گئے ہیں۔ کوہلی اب باکسنگ ڈے ٹسٹ میں بھی ایک اور ریکارڈ قائم کرنے کے قریب ہیں اس ریکارڈ سے وہ صرف 82 رنز دورہیں۔ دنیا کے نمبر ایک بیٹسمین کوہلی تیسرے ٹسٹ میں اگر 82 رنز بنا لیتے ہیں تو وہ سابق کپتان ڈراویڈ کا ایک کیلنڈر برس میں غیرملکی زمین پر سب سے زیادہ 1137 رن بنانے کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔ڈراویڈ نے سال 2002 میں یہ ریکارڈ بنایا تھا اوراس معاملے میں انہوں نے سابق کھلاڑی مہندرامرناتھ کا ریکارڈ توڑا تھا۔ امرناتھ نے سال 1983 میں ایک کیلنڈرسال میں غیرملکی زمین پر 1065 رنوں کے ساتھ یہ ریکارڈ بنایا تھا۔ کوہلی نے پرتھ میں اپنی 25 ویں ٹسٹ سنچری بنائی تھی۔کوہلی اس سنچری کے ساتھ ہی سچن تندولکر کے آسٹریلیائی سرزمین پر اپنی 6 سنچریوں کے ریکارڈ کی بھی برابری کر لی تھی۔