کوہلی ایشیاء کپ میں ٹیم کی قیادت کیلئے پرجوش

ڈھاکہ ۔ 24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مسلسل ناکامیوں کی وجہ سے تنقیدوں کی زد میں موجود ہندوستانی ٹیم کی ایشیاء کپ میں ویراٹ کوہلی قیادت کررہے ہیں اور وہ ٹورنمنٹ میں قیادت کے چیلنج کیلئے پرجوش ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کے مستقل کپتان مہندر سنگھ دھونی کے زخمی ہوکر ٹورنمنٹ سے باہر ہونے کے بعد ویراٹ کوہلی کو قیادت کی ذمہ داری دی گئی ہے لیکن اس مرتبہ قیادت میں ان کیلئے سخت چیلنج درپیش ہوگا چونکہ ہندوستانی ٹیم دورہ جنوبی افریقہ اور دورہ نیوزی لینڈ پر ایک بھی کامیابی حاصل نہیں کرپائی ہے اور بنگلہ دیش میں منعقدہ گذشتہ ایشیاء کپ بھی ہندوستان کیلئے تلخ تجربات کا نتیجہ ہی ہے کیونکہ جس مقابلہ میں ٹیم کے ماسٹربلاسٹر اور سابق اوپنر سچن تنڈولکر نے اپنے ونڈے کیریئر کی 100 ویں سنچری اسکور کی تھی، جس کا دنیائے کرکٹ کو ایک طویل عرصہ سے انتظار تھا

لیکن یہ شاندار کارنامہ بھی تلخ تجربہ میں اس وقت تبدیل ہوگیا تھا جب میزبان بنگلہ دیش نے ہندوستان کی جانب سے دیئے جانے والے مطلوبہ نشانہ کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف فائنل میں رسائی حاصل کرلی تھی اور ہندوستان کو ٹورنمنٹ سے باہر کردیا تھا۔ سچن کی بین الاقوامی 100 ویں سنچری اتفاق سے ان کے کیریئر کی آخری سنچری ثابت ہوئی تھی لیکن اس بار ہندوستانی ٹیم ان تمام تلخ یادوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے بہتر مظاہرہ کیلئے پرعزم ہیں۔ کوہلی نے یہاں آمد پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں صرف ایک ٹورنمنٹ کیلئے ٹیم کا کپتان ہوں اور یہ قیادت ٹیم کی مستقل کپتانی سے مختلف ہے۔ ہندوستانی ٹیم چہارشنبہ کو اپنا پہلا مقابلہ میزبان بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی اور اس مقابلہ میں کامیابی کے ذریعہ گذشتہ ٹورنمنٹ میں اخراج کی وجہ بننے والی ٹیم سے حساب برابر کرنے کی خواہاں ہوگی۔