اڈیلیڈ ۔29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام)کرکٹ کی دنیا میں کئی ریکارڈز اپنے نام کرنے والے ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کی نظریں اب سچن تنڈولکر کے ایک اور ریکارڈ پر مرکوز ہوچکی ہیں۔ ہندوستانی ٹیم ان دنوں آسٹریلیا کے دورے پر ہے جہاں وہ تین ٹسٹ پر مشتمل سیریز کا پہلا مقابلہ 6 دسمبر سے اڈیلیڈ اوول میں کھیلے گی جبکہ کوہلی آسٹریلیا کے خلاف اسی کی سرزمین پر اب تک پانچ سنچریاںاسکورکرچکے ہیں اوروہ صرف دو سنچریاں بناکر ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر کاریکارڈ توڑسکتے ہیں۔ تنڈولکر نے آسٹریلیا کی سرزمین پر چھ سنچریاں اسکور کی ہیں، جو کسی بھی ہندوستانی بیٹسمین کی سب سے زیادہ سنچریاں ہیں۔ سچن نے آسٹریلیا کے خلاف 20 ٹسٹ میچوں میں 53.20 کی اوسط سے 1809 رنز بنائے ہیں۔ دوسری جانب کوہلی نے اب تک آسٹریلیا کے خلاف آسٹریلیا میں 8 ٹسٹ میچ کھیل کر 62 رنز کی اوسط سے 992 رنز بنائے ہیں۔ ایک اور سابق کپتان سنیل گواسکر نے آسٹریلیا کے خلاف آسٹریلیا میں 5 جبکہ وی وی ای لکشمن نے 4 سنچریاں بنائی ہیں۔