کوہلی اور پجارا کو درجہ بندی میں نقصان

دبئی ۔ یکم ؍ اگست (سیاست ڈاٹ کام) چیٹیشور پجارا اور ناقص فام کا شکار ویراٹ کوہلی کو آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی میں نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ جیسا کہ ہندوستان کے بہترین بیٹسمین تصور کئے جانے والے چیٹیشور پجارا چند مقامات کے نقصان کے بعد دسویں مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ تاہم وہ ہندوستانی ٹیم کی جانب سے سب سے بہتر مقام پر موجود رہنے والے بیٹسمین ہیں۔ ویراٹ کوہلی کو بھی آئی سی سی کی ٹسٹ درجہ بندی میں ایک مقام کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے اور اب وہ پندرھویں مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ ہندوستان کو ساتھمپٹن میں منعقدہ تیسرے ٹسٹ میں 266 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی اس کی بدولت انگلینڈ نے 5 مقابلوں کی سیریز کو 1-1 سے برابر کرلیا ہے۔ واضح فرق کی شکست کا اثر ہندوستانی بیٹسمینوں کی درجہ بندی پر بھی پڑا ہے لیکن اجنکیا راہنے وہ واحد بیٹسمین ہیں جن کی ٹسٹ درجہ بندی بہتر ہوئی ہے کیونکہ انہوں نے تیسرے ٹسٹ کی دونوں اننگز میں 54 اور ناقابل تسخیر 52 رنز اسکور کئے ہیں جس کی بدولت انہیں درجہ بندی میں 9 مقامات کا فائدہ ہوا ہے اور اب وہ اپنے کیریئر کے بہترین 26 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ بولنگ شعبہ میں رویندر جڈیجہ اور بھونیشور کمار نے اپنی درجہ بندی بہتر کی ہیں۔ 3 مقامات کے فائدہ کے بعد 25 ویں مقام پر اور کمار دو مقامات کی بہتری کے بعد 32ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں۔