ملبورن۔ 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) باکسنگ ڈے ٹسٹ کے تیسرے دن آسٹریلیائی ٹیم نے مقابلے کا آغاز اور دن کا اختتام بہتر کیا لیکن درمیانی وقت میں ویراٹ کوہلی اور اجنکیا راہانے کی پارٹنرشپ نے ہندوستان کے لئے کئی ریکارڈس قائم کئے۔ ہندوستانی ٹیم جس نے اپنے کل کے اسکور 108/1 سے آگے کھیلنا شروع کیا لیکن آج اسی اسکور پر چیٹیشور پجارا، ریان ہارس کا پہلا شکار بنے۔ پجارا 71 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے۔ کچھ دیر بعد سیریز میں مسلسل نصف سنچریاں اسکور کرنے والے اوپنر مرلی وجئے 147 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے جنہیں واٹسن نے شان مارش کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔ وجئے نے 135 گیندوں میں 7 چوکوں کی مدد سے 68 رنز اسکور کئے۔ وجئے کے آؤٹ ہونے کے بعد ویراٹ کوہلی اور اجنکیا رہانے وکٹ پر یکجا ہوئے۔
جن کے درمیان چوتھی وکٹ کیلئے 262 رنز کی پارٹنرشپ رہی۔ ایشیا کے باہر گزشتہ 10 برسوں کے دوران ہندوستانی کھلاڑیوں کی یہ سب سے بہترین پارٹنرشپ ہے جبکہ کسی بھی وکٹ کیلئے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ سچن تنڈولکر اور وی وی ایس لکشمن کے نام ہے جنہوں نے 2004ء میں سڈنی ٹسٹ کے دوران 353 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی تھی۔ اس دوران ویراٹ کوہلی نے اپنے کریر کی بہترین اننگز کھیلی جس میں انہوں نے 272 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 18 چوکوں کی مدد سے 169 رنز بنائے۔ ریکارڈ پارٹنرشپ کو نیتھن لیون نے اس وقت توڑا جب انہوں نے راہانے کو 147 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ راہانے نے 171 گیندوں پر مشتمل اننگز میں 21 چوکے لگائے ۔رہانے اور کوہلی نے ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں 90 برسوں کے دوران بیرونی کھلاڑیوں کی حیثیت سے 200 سے زائد رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ہے۔ کوہلی نے اسی دوران ایسے 10 ویں کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ میں 1000 سے زائد رنز بنالئے ہیں۔ سیریز میں کوہلی کی یہ تیسری سنچری ہے
جس کے ذریعہ انہوں نے 1977ء میں آسٹریلیا کے خلاف میزبان ملک میں سنیل گواسکر کی جانب سے بنائی جانے والی تین سنچریوں کا ریکارڈ برابر کرلیا ہے اور انہیں گواسکر کا ریکارڈ توڑنے کا بہترین موقع دستیاب ہے کیونکہ سیریز میں ایک ٹسٹ جبکہ رواں مقابلے میں ایک اننگز ہنوز باقی ہے۔ کوہلی اور رہانے کے درمیان بننے والی پارٹنرشپ کو توڑنے کے بعد آسٹریلیائی بولروں نے مقابلے میں دوبارہ واپسی کرتے ہوئے ٹسٹ کریر کا آغاز کرنے والے کے ایل راہول، کپتان مہیندر سنگھ دھونی اور روی چندرن اشون کو پویلین کی راہ دکھادی ہے۔ راہول 8 گیندوں میں صرف 3 رنز بنا پائے جبکہ دھونی 23 گیندوں کی اننگز میں ایک چوکے کی مدد سے 11 رنز اسکور کئے ہیں۔ روی چندرن اشون بغیر کوئی رن بنائے آسٹریلیا کے کامیاب بولر ریان ہارس کی بولنگ پر ان ہی کو کیچ دے بیٹھے۔ دن کے اختتام پر ہندوستانی ٹیم نے 462/8 رنز اسکور کرلئے ہیں تاہم وہ ہنوز 68 رنز پیچھے ہے۔ہارس نے 69 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔