جوہانسبرگ ۔ 26 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز میں 247 رنز اسکور کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو کامیابی کیلئے 241 رنز کا نشانہ دیا ۔ روہت شرما کے مقام پر ٹیم میں شامل کئے گئے اجنکیا رہانے نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے قیمتی 48 رنز بنانے کے علاوہ لوور آرڈر میں بھونیشور کمار کے ہمراہ 45 رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے ہندوستان کو مقابلے میں جیت کیلئے درکار رنز فراہم کرنے میں کلیدی رول ادا کیا ۔ علاوہ ازیں کپتان ویراٹ کوہلی کے ہمراہ چوتھی وکٹ کیلئے 43 رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے ٹیم کو بہتر بنیاد فرہم کرنے میں بھی اہم رول ادا کیا ۔ کوہلی 79 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنانے کے بعد رباڈا کی ایک انتہائی شاندار گیند پر بولڈ ہوئے ۔ ہاردیک پانڈیا 11گیندوں کی اپنی اننگز کے دوران کئی مرتبہ گیند جسم پر لگنے سے پریشان رہے اور بالآخر وہ 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ ہندوستان نے آج صبح کل اپنی اننگز 49/1 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور کے ایل راہول 16 رنز ، مرلی وجئے 25 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ چتیشور پجارا 10 گیندوں کاسامنا کرنے کے بعد 1 رن بناکر آؤٹ ہوئے ۔