کوہلی اور بمرا ونڈے درجہ بندی میں پہلے مقام پر فائز

دبئی۔13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی آج آئی سی سی کی تازہ جاری ونڈے انٹرنیشنل رینکنگ میں میں اپنے سرفہرست مقام پر برقرار ہیں جبکہ فاسٹ بولر جسپریت بمراہ بولروں میں نمبر ون مقام پر ہیں۔ونڈے آل راؤنڈرز میں افغانستان کے راشد خان نمبر ون ہیں۔ کوہلی کے درجہ بندی پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے جو بڑھ کر 899 تک پہنچ گئے ہیں، وہیں نائب کپتان روہت شرما بھی اپنے دوسرے مقام پر برقرار ہیں۔ روہت کے 871 پوائنٹس ہیں۔ ونڈے کے ٹاپ 10 بیٹسمینوں میں کوہلی اور روہت کے علاوہ شکھر دھون آٹھویں نمبر پر موجود ہیں۔ دھون نے بھی اپنی درجہ بندی میں ایک جگہ کی ترقی کی ہے اور سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں پہنچ گئے ہیں۔ وہیں سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی 20 ویں نمبر پر ہیں۔ علاوہ ازیں بولروں میں تین ہندستانی کھلاڑیوں نے جگہ بنائی ہے جس میں بمراہ 841 درجہ بندی پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست پر ہیں جبکہ چائنامین بولر کلدیپ یادو نے اپنا تیسرا مقام برقرار رکھا ہے اور یجویندر چہل تین مقام کی ترقی کے بعد پانچویں نمبر پر ہیں۔ افغانستان کے راشد ونڈے آل راؤنڈر میں 353 درجہ بندی پوائنٹس کے ساتھ پہلے مقام پر ہیں ۔ دریں اثناء ٹیم درجہ بندی میں ہندستان کے121 پوائنٹس ہیں اور وہ اپنے دوسرے نمبر پر برقرار ہے جبکہ انگلینڈ126 پوائنٹس کے ساتھ نمبر ون مقام پر ہے ۔