کوہلی انگلینڈ کیخلاف عمدہ بیٹنگ کیلئے بے چین :جیمزاینڈرسن

لندن۔24جولائی(سیاست ڈاٹ کام)انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے ہندوستان کے خلاف مجوزہ ٹسٹ سیریز کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی انگلینڈ کیخلاف عمدہ بیٹنگ کارکردگی کیلئے بے چین ہیں اور ان کیخلاف بولنگ پورے انگلش بولروںکیلئے ایک پرجوش تجربہ ہوگا۔ واضح رہے کہ کوہلی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ اس سیریز کے دوران رنزکرتے ہیں یانہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن ان کی خواہش ہے کہ ٹیم بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرے۔ انگلش بولر جیمز اینڈرسن کے خیال میں ہندوستانی کپتان کا یہ بیان سچائی پر مبنی نہیںکیونکہ وہ انگلینڈ کیخلاف پانچ میچوں پر مشتمل سیریز میں رنز اسکور کرنے کیلئے بے چین ہیں اور ان کیخلاف بولنگ کرنا ان کیلئے ہی نہیں بلکہ پورے انگلش بولنگ شعبہ کیلئے پرجوش تجربہ ہوگا۔ اینڈرسن کے بموجب ہندوستان کا انگلینڈ میں کامیابی حاصل کرنا معنی رکھتا ہے اورظاہر سی بات ہے کہ کوہلی بھی اس حوالے سے اپنا اہم کردار ادا کرنے کیلئے بے چین ہیں کیونکہ اپنی ٹیم کے کپتان کے ساتھ ہی عالمی کرکٹ کے بہترین بیٹسمین بھی ہیں اور ان کی یہ بات جھوٹ محسوس ہوتی ہے کہ ان کے رنز کرنے یا نہ کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ 2014 میں دس اننگز کے دوران کوہلی کو چار مرتبہ آؤٹ کرنے والے جیمز اینڈرسن کے مطابق انہیں پورا یقین ہے کہ حریف کپتان اپنے کھیل کے کچھ پہلوؤں پر پریکٹس کے دوران سخت محنت کر رہے ہوں گے اور اس کے بعد سیریز کے دوان ان کیخلاف رسہ کشی کافی دلچسپ ہوجائے گی کیونکہ دنیا کے دوسرے نامور بیٹسمینوں کی طرح کوہلی بھی خود کو کھیل کے کسی بھی فارمیٹ میں عمدگی سے ڈھال لیتے ہیں۔