کوہلی اس وقت کے سب سے بہترین کھلاڑی:وارن

میلبورن۔26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) جادو گر اسپنر شین وارن نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کو دنیا کا سب سے بہترین کرکٹر قرار دے دیا۔ سابق اسپیڈ اسٹار بریٹ لی نے سوشل میڈیا پر آسٹریلیا اور ہندوستان کے مابین شروع ہوئے باکسنگ ڈے ٹسٹ سے متعلق ایک ویڈیو شائع کی جس میں شین وارن ملیبورن کے تاریخی میدان پر تیسرے مقابلے کے متعلق انتہائی پرجوش انداز میں کرکٹ شائقین کو متحرک کررہے ہیں۔ شین وارن نے ویڈیو میں جہاں میلبورن میدان کے تاریخی پہلوؤں کا ذکر کیا وہیں ہندوستان اور آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کوایم سی جی گراؤنڈ پر اپنی کارکردگی یادگار بنانے کے لئے لیجنڈز کرکٹرز کی یادیں بھی شائع کیں۔ لیگ اسپنر نے کہا کہ ہندوستان اور آسٹریلیا کی سیریز ہمارے لیے یادگار بننے جارہی ہے اور اس کی وجہ کوہلی ہیں، کوہلی اس وقت کے سب سے بہترین کرکٹر ہیں جب کہ آسٹریلیائی کپتان ٹمِ پین بھی کسی سے کم نہیں۔ واضح رہے کہ حالیہ ٹسٹ سیریز میں کوہلی کے میدان میں حریف کھلاڑیوں سے غیر مناسب رویے پر نہ صرف ہندوستان میں بلکہ پوری دنیا میں لوگ تنقید کررہے ہیں۔