کوہلی ، افغانستان کیخلاف ٹسٹ میں حصہ نہیں لیں گے

نئی دہلی۔20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹوں کے کپتان وراٹ کوہلی انگلینڈ دورے کی تیاریوں کے لئے انگلش کاؤنٹی ٹیم سرے میں کپتان روری بنرس کی قیادت میں کھیلنے اتریں گے ۔ہندوستانی کپتان وراٹ انگلینڈ ٹیم کے دورے سے قبل انگلش کاؤنٹی ٹیم سرے کے لئے کھیل کر اپنی تیاریاں پختہ کریں گے ۔ وراٹ جون میں سرے کے لئے بنرس کی کپتانی میں کھیلیں گے اور اس وجہ سے وہ افغانستان کے خلاف اس کے واحد پہلے ٹسٹ میں بھی نہیں کھیل سکیں گے جو 14 جون کو بینگلورو میں ہونے والا ہے ۔وراٹ آئی پی ایل کے 11 ویں ایڈیشن کے 27 مئی کو ختم ہونے کے بعد کاؤنٹی کھیلنے کے لئے روانہ ہوجائیں گے ۔ سرے کی ٹیم میں اسٹار غیر ملکی کھلاڑی وراٹ کے سلسلے کافی جوش ہے لیکن اسٹار ہندوستانی کھلاڑی خود سے کم عمر اور کم تجربہ کار کپتان بنرس کی کپتانی میں کھیلنے اتریں گے ۔27سالہ بنرس نے بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلی ہے ۔ وہ 96 فرسٹ کلاس میچوں میں 48.43 کی اوسط سے 6548 رن بناچکے ہیں جس میں 12 سنچریاں اور 35 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ بلے باز بنرس نے سرے کے لئے 42 لسٹ اے میچ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 36.31 کی اوسط سے 1271 رن بنائے ہیں جس میں 10 نصف سنچریاں شامل ہیں۔