سڈنی ۔29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نوجوان اوپنر پرتھوی شا اورکپتان ویراٹ کوہلی سمیت ہندوستانی ٹیم نے پریکٹس میچ کے دوسرے دن جمعرات کو ملے موقع کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے کرکٹ آسٹریلیا الیون کے خلاف جم کر بیٹنگ کی اور پہلی اننگز میں358 رنز بنائے ۔ آسٹریلیا کے خلاف6 دسمبر کو شروع ہونے والی چار ٹسٹ میچوں کی سیریز سے پہلے ہندستان سی اے الیون کے خلاف چار روزہ پریکٹس میچ کھیل رہا ہے لیکن میچ کا پہلا دن بارش کی وجہ سے مکمل طور ضائع ہو گیا تھا۔ صبح میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیتنے کے بعد ہندستان کو پہلے بیٹنگ کا موقع دیا اور ہندستانی بیٹسمینوں نے اس کا پورا فائدہ اٹھایا اور92 اوورس کے کھیل میں ٹیم 358 پر آل آؤٹ ہو گئی جس میں پانچ نصف سنچری بنائی گئیں ۔ اوپنر پرتھوی نے شاندار آغاز کرتے ہوئے66 رنز کی اننگز کھیلی۔ چتیشور پجارا نے 54 رنز، کوہلی نے64 ، اجنکیا رہانے نے 56 رنز اور ہنوما وھاري نے 53 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ روہت شرما نے40 رنز بنائے ۔ رشبھ پنت11 رن پر ناٹ آؤٹ رہے ۔ ہندوستانی ٹیم کے نئے بیٹنگ اسٹار19 سال کے پرتھوی نے آسٹریلیا دورے کا شاندار آغاز کرتے ہوئے69 گیندوں میں11 چوکوں کی مدد سے66 رنز بنائے ۔ ان کے ساتھی لوکیش راہول 18 گیندوں میں تین رنز بنا کر سستے میں آؤٹ ہوئے ۔ لیکن اس کے بعد ہندستان نے سنبھلتے ہوئے رن بنائے ۔ ایک دن پہلے بھاری بارش سے جہاں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر کھیل ممکن نہیں ہو پایا تھا وہیں دوسرے دن مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں نے آسٹریلیائی بولروں کو کافی پریشان کیا۔راہول کو میڈیم فاسٹ بولر جیکسن کولمین نے میکس بروٹ کے ہاتھوں آؤٹ کر محض 16 رن پر ہندستان کو پہلا نقصان دیا لیکن ایک ماہ پہلے ہی ونڈیز کے خلاف ٹسٹ کرئیر کا آغاز کرنے والے پرتھوی نے پھر تحمل سے کھیلتے ہوئے پجارا کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے53 رنز کی ساجھے داری کی۔ پرتھوی 21 ویں اوور میں ڈینیل فلس کی گیند پر دوسرے وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے ۔ پجارا نے 89 گیندوں میں چھ چوکے لگائے جبکہ کوہلی نے 87 گیندوں میں سات چوکے اور ایک چھکا لگا کر64 رنز کی نصف سنچری اننگز کھیلی۔دونوں نے تیسرے وکٹ کے لئے73 رنزجوڑے ۔ پجارا کولیوک روبس نے تیسرے اور کوہلی کو میڈیم فاسٹ بولر ہارڈی نے آؤٹ کیا ۔ نائب کپتان رہانے نے سنبھلتے ہوئے 123 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے مفید 56 رن جوڑے جبکہ دوسرے سرے پر ہنوما وھاري نے 88 گیندوں میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگا کر 53 رنز کی نصف سنچری اننگز کھیل مڈل آرڈر میں اپنی افادیت ثابت کی۔