خانگی ٹراویل ایجنسی کا مالک گرفتار، محکمہ آبکاری کی کارروائی
حیدرآباد 13 اگسٹ (سیاست نیوز) محکمہ آبکاری نے شہر میں ڈرگس کے کاروبار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کرلیا جو بڑے پیمانے پر کوکین کی اسمگلنگ کرتے ہوئے شہر میں دوگنی قیمت میں فروخت کررہا تھا۔ ڈپٹی کمشنر اکسائز انفورسمنٹ مسٹر سی ویویکانندا ریڈی نے محکمہ آبکاری کے آفس میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 38 سالہ ٹراویل ایجنسی کے مالک عبدالحمید ساکن چنتل بستی خیریت آباد گوا سے کوکین کی اسمگلنگ کررہا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ عبدالحمید کا تعلق ضلع نظام آباد سے ہے اور اُس نے ٹراویل ایجنسی کے کاروبار کے دوران گوا سے تعلق رکھنے والے میاکس نامی شخص سے تعلقات قائم کرتے ہوئے اُس سے 6 ہزار روپئے فی گرام کوکین حاصل کرتے ہوئے اوٹی، گوا اور دیگر سیاحتی مقامات کو جانے والے افراد کو فروخت کررہا تھا۔ عبدالحمید نے خواہشمند گاہکوں کا ایک نیٹ ورک واٹس اپ کے ذریعہ قائم کیا تھا اور فی گرام 2 ہزار روپئے کا کمیشن حاصل کررہا تھا۔ مسٹر ویویکانندا ریڈی نے کہاکہ عبدالحمید کی کار کی تلاشی لینے پر کوکین کے 31 پیاکٹس برآمد ہوئے جن کی مالیت 7 لاکھ روپئے بتائی جاتی ہے۔ اِس کارروائی میں اکسائز انفورسمنٹ نے حمید کے موبائیل فون سے 20 گاہکوں کی تفصیلات اور نمبرات بھی حاصل کئے ہیں جنھیں وہ اکثر کوکین فروخت کیا کرتا تھا۔ انفورسمنٹ ٹیم گوا سے تعلق رکھنے والے ڈرگس کے کاروباریوں کو گرفتار کرنے کیلئے جائے گی۔