شوروم جل کر خاکستر ، ٹیلر محمد شفیع کی لفٹ میں پھنسنے سے موت
حیدرآباد /31 جولائی ( سیاست نیوز ) کوکٹ پلی کے علاقہ میں پیش آئے خوفناک آتشزدگی واردات میں ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اچانک ہوئی آتشزدگی کی واردات سے فرنیشنگ کا شوروم جلکر خاکستر ہوگیا ۔ تاہم دو فائر بریگیڈ گاڑیوں اور ایک بلیٹ گاڑی کی مدد سے آگ پر فوری قابو پالیا گیا ۔ یہ بات کوکٹ پلی فائر آفیسر محمد فضل نے بتائی ۔ اس حادثہ میں لفٹ میں پھنسے ہوئے 40 سالہ محمد شفیع جو ٹیلر بتائے گئے ہیں دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے ۔ حادثہ کے وقت اللہ بنڈہ علاقہ کے ساکن ٹیلر شفیع لفٹ میں تھے اور لفٹ کے ذریعہ وہ گراؤنڈ فلور پر جانا چاہتے تھے کہ اچانک برقی منقطع ہوگئی اور وہ لفٹ میں پھنس کر دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے ۔ آتشزدگی کی اطلاع حاصل ہونے کے بعد فائر کنٹرول کے آپریٹر محمد یسین نے فوری مادھاپور اور کوکٹ پلی فائر اسٹیشن سے گاڑیوں کو حرکت میں لایا اور سکریٹریٹ سے ایک بلیٹ گاڑی کو روانہ کردیا ۔ کوکٹ پلی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔