کوکٹ پلی زون میں غیرسماجی عناصر اور مجرمین کیخلاف پولیس کی کارروائی

حیدرآباد ۔ /14 ڈسمبر (سیاست نیوز) غیرسماجی عناصر اور خطرناک مجرمین کی سرگرمیوں کا پتہ لگانے کیلئے سائبر آباد پولیس نے کوکٹ پلی کے علاقے یلاماں بنڈہ ، پی جے آر نگر ، سکھ بستی اور دیگر علاقوں میں رات 3 بجے اچانک محاصرہ اور تلاشی مہم کی گئی جس میں 56 موٹر سائیکلیں ، 12 آٹو اور 4 کاریں ضبط کرلی گیئں جبکہ 14 مشتبہ افراد کو تفتیش کیلئے حراست میں لے لیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈپٹی کمشنر آف پولیس مادھاپور زون مسٹر کارتی کین کی قیادت میں تقریباً 400 پولیس عملہ نے کوکٹ پلی زون میں اچانک تلاشی مہم کی ۔سابق میں سائبرآباد علاقہ میں مجرمین کی کئی بین ریاستی ٹولیوں کو بے نقاب کیا گیا ہے جو مضافاتی علاقوں میں اپنی پناہ گاہ بنائے ہوئے ہے ۔ پولیس ریکارڈس کے بموجب مذکورہ علاقوں میں 10 خطرناک مجرمین کے مکانات موجود ہونے کی اطلاع پر یہ خصوصی آپریشن کیا گیا اور پولیس نے گھر گھر تلاشی مہم جاری رکھتے ہوئے وہاں کے مقیم افراد کے تفصیلات حاصل کئے جن میں 14 مشتبہ افراد کو فوری حراست میں لے لیا گیا ۔ واضح رہے کہ سائبر آباد پولیس وقفہ وقفہ سے مختلف علاقوں میں محاصرہ اور تلاشی مہم جاری رکھے ہوئے ہے جس کے تحت کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لئے جانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ کل رات دیر گئے کئے گئے آپریشن میں عدم دستاویزات کی موجودگی کے سبب پولیس نے کئی گاڑیوں کو ضبط کرلیا ۔ اس آپریشن میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس لا اینڈ آرڈر مادھاپور زون مسٹر ایم سرینواس ، اسپیشل آپریشن ٹیم کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس مسٹر ای رامچندرا ریڈی اور دیگر نے حصہ لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سائبر آباد پولیس نے عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنے کیلئے یہ مہم چلائی جارہی ہے ۔