کوکٹ پلی اور چکڑپلی میں دو خواتین کی خودکشی

حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) کوکٹ پلی اور چکڑ پلی علاقہ میں دو خواتین نے خودکشی کرلی۔ تاہم ایک خاتون نے خودکشی نوٹ کے ذریعہ موت کا خود کو ذمہ دار ٹھہرایا اور خودکشی نوٹ چھوڑ گئی۔ کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ پولیس کے مطابق جوتسنا جو وسنت نگر کے پی ایچ بی علاقہ کے ساکن سریکانت کی بیوی تھی، اس خاتون نے انتہائی اقدام کرلیا۔ ان کا تعلق ضلع کریم نگر سے بتایا گیا ہے۔ اس خاتون کی عمر تقریباً 23 سال بتائی گئی۔ سریکانت ایچ ڈی ایف سی بینک میں ملازمت کرتا تھا۔ روزانہ کی طرح وہ کام پر گیا تھا۔ تاہم بیوی کی جانب سے فون پر ردعمل ظاہر نہ کرنے پر اس نے چوکیدار سے رابطہ قائم کیا جس کے بعد چوکیدار نے مکان میں جاکر دیکھا تو اس بات کا انکشاف ہوا۔ پولیس جوتسنا کی خودکشی کی وجوہات کا پتہ چلانے میں مصروف ہے۔ چکڑپلی پولیس کے مطابق 19 سالہ بھاگیہ لکشمی جو چکڑپلی علاقہ کے ساکن شیام سندر ریڈی کی بیوی تھی، اس خاتون نے کل رات انتہائی اقدام کرتے ہوئے خودکشی کرلی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔