کوڑنگل کی بیشتر کالونیوں میں مورم اندازی

کوڑنگل ۔ 5 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) : مسٹر سلطان محی الدین غوثن ڈپٹی سرپنچ میجر گرام پنچایت کوڑنگل نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ کوڑنگل منڈل مستقر پر حالیہ موسلا دھار بارش کی وجہ اندرا نگر کالونی ، شانتی نگر ، گاندھی نگر ، کارگل کالونی ، اور وڈر کالونی وغیرہ میں سڑکوں پر کیچڑ جمع ہوجانے سے لوگوں کی آمد و رفت دوبھر ہوگئی تھی ۔ ان کالونیوں میں قیام پذیر لوگوں کی نمائندگی پر استقدامی اثر کے ساتھ گرام پنچایت کے تیرہویں فینانس فنڈس کے تحت مذکورہ پانچ کالونیوں میں جنگی پیمانے پر مورم اندازی کے کام کا آغاز کیا گیا ہے ۔ میجر گرام پنچایت کوڑنگل کے اس مستحسن اقدام پر کالونیوں میں قیام پذیر لوگ اظہار تشکر کرتے ہوئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کررہے ہیں ۔ اس موقع پر وارڈ ممبر مسٹر سید منیر ، وینکٹ ، سرینواس اور مرہری وغیرہ موجود تھے ۔۔