کوڑنگل میں طوفانی بارش

نشیبی علاقے زیر آب ‘ سڑکیں جھیلوں میں تبدیل ‘ عام زندگی مفلوج

کوڑنگل ۔ 24 ؍ جون (سیاست ڈسرکٹ نیوز) حلقہ کوڑنگل کے تمام منڈلس کوڑنگل ‘ کوسگی ‘ مدور ‘ دولت آباد اور بمرس پیٹ میں گذشتہ روز گرج ‘ چمک ‘ تیز ہوأوں کے ساتھ رات بھر ہونے والی موسلادھار طوفانی بارش سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ۔ تحصیلدار مسٹر وینکٹیشن نے بتایا کہ جمعہ کی شب میں 48.8 ملی لیٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ کوڑنگل منڈل میں انگڑی رائچور ‘ کونڈا ریڈی پلی اور کوڑنگل کے بشمول بیشتر مقامات پر نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور سڑکیں جھیلوں میں تبدیل ہوگئیں ۔ جس سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ۔ ایک دن کے لئے دیہاتوں سے راستے منقطع ہوگئے ۔ کھیتوں میں تخم ریزی کی گئی تھی ۔ کسان برادری میں بیجوں کے بہہ جانے سے مایوسی پائی جاتی ہے ۔ کوسگی منڈل میں گذشتہ علی الصبح ہونے والی طوفانی بارش دو گھنٹے تک مسلسل ہو تی رہی جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ۔ محکمہ مال کے عہدیداروں نے 36 ملی میٹر بارش ہونے کا انکشاف کیا ۔ موسم باراں کے آغاز میں ہی اطمینان بخش بارش ہونے سے کسانوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ موجودہ بارش تخم ریزی کے لئے سازگار بتائی جا رہی ہے ۔ جو کسان اراضیات کو صاف کرتے ہوئے بارش کے منتظر تھے زراعتی کاموں میں منہمک ہوگئے ہیں ۔ گذشتہ روز صبح کوڑنگل کے بڑے تالاب کا نالہ لبریز ہو کر تیزی سے بہنے کی وجہ سے نازو خان پلی ‘ گورارام شاہراہ پر لوگوں کی آمد و رفت مسدود ہو کر رہ گئی ۔ مذکورہ تالاب میں وار مقدار میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ دیگر منڈلوں میں شدید بارش کی اطلاعات ہیں ۔ کئی درخت ٹوٹ گئے ۔ شب کے سناٹے میں ہونے والی دھواں دھار موسلاھار طوفانی بارش کے دوران برقی منقطع رہی ۔