کے ٹی آر، مہیندر ریڈی، جتیندر ریڈی ، بنڈہ پرکاش کی شرکت
کوڑنگل۔/23 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوڑنگل میں انتخابی سرگرمیاوں میں غیر معمولی تیزی پیدا ہوگئی ہے۔ انتخابی مہم کے ضمن میں کل ریاستی وزراء کے ٹی آر ، مہیندر ریڈی، ایم پیز جتیندر ریڈی، بنڈہ پرکاش مدیراج، ضلع پریشد چیرمین بنڈاری بھاسکر، ٹی ار ایس امیدوار حلقہ اسمبلی کوڑنگل نریندر ریڈی، سابق رکن اسمبلی گروناتھ ریڈی نے بین ریاستی امبیڈکر چوراہا پر منعقدہ پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے روبہ عمل لائی جانے والی فلاحی اسکیمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ کوڑنگل ، بمرس پیٹ اور دولت آباد وغیرہ سے ٹی آر ایس پارٹی کارکنوںنے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔ گلابی پرچموں کی بہتات سے سارا ماحول گلابی منظر پیش کررہا تھا۔ ریونت ریڈی کے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر ہزار ہاافراد کے جم غفیر کے تناظر میں ٹی آر ایس پارٹی قائدین روڈ شو منعقد کرنے کی تگ و دو کامیاب ثابت ہونے کا ادعا کیا جارہا ہے۔ مذکورہ قائدین نے کہا کہ ہر طرح سے پسماندہ علاقہ حلقہ اسمبلی کوڑنگل کی ہمہ جہت ترقی کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے 300 کروڑ روپیوں کی خطیر رقمی منظوری عمل میں لائی ہے۔ اس حلقہ کی ترقی مدنظر ہو تو نریندر ریڈی کے امتیازی نشان ’ کار ‘ کو ووٹ ڈالتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ بعد ازاں وہ مدور کیلئے روانہ ہوگئے اور وہاں پر منعقدہ جلسہ عام سے مخاطب کرتے ہوئے وزیر کے ٹی آر نے تیقن دیا کہ حلقہ اسمبلی کوڑنگل کی ہمہ جہت ترقی میرا ذمہ ہوگااور کہا کہ کے سی آر کی ہوا کی لہروں سے عظیم اتحاد خائف ہوگیا ہے۔ قبل ازیں حلقہ اسمبلی کوڑنگل میں کے ٹی آر کی پہلی مرتبہ آمد پر منڈل بمرس پیٹ کے تمکی میٹلہ پر مسرز وشنووردھن ریڈی، مہیندر ریڈی، راما کرشنا یادو، شراون گوڑ وغیرہ نے استقبال کرتے ہوئے بکثرت گلپوشی کی اور شال پوشی کی۔