کوڑنگل۔/19مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے بعد سے اب تک کوڑنگل اور اطراف و اکناف مقامات پر پولیس کی جانب سے کی جانے والی تلاشی کے دوران بھاری رقومات کی ضبطی عمل میں لائی جارہی ہے۔ ایک ہفتہ سے جاری جانچ پڑتال کے دوران17لاکھ روپیوں سے زائد رقم کو پولیس نے ضبط کرلیا ہے۔ گذشتہ روز بمرس پیٹ منڈل کے احاطے میں میٹلی کنٹہ چیک پوسٹ کے قریب تین لاکھ پینتیس ہزار روپئے ضبط کئے گئے۔ سرکل انسپکٹر پولیس مسٹر وشوا پرساد و سب انسپکٹر مسٹر پروین کمار نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ 10مارچ کو میٹلی کنٹہ چیک پوسٹ کے قریب سات لاکھ روپئے، 11مارچ کو اڑمیشورم چیک پوسٹ کے قریب ایک لاکھ سولہ ہزار روپئے، 12مارچ کو راول پلی چیک پوسٹ کے قریب پانچ لاکھ پچاس ہزار روپئے ضبط کئے گئے اور تحصیلدار کے حوالے کئے گئے۔
کوڑنگل کرناٹک ریاست کی سرحد کے قریب واقع ہونے سے راول پلی پٹرول پمپ کے دامن میں چیک پوسٹ قائم کرتے ہوئے گزرنے والی ہر گاڑی کی تلاشی لی جارہی ہے اور رقم منتقل کرنے پر ضبط کرلیا جارہاہے۔ ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد پچاس ہزار سے زائد رقم ساتھ نہیں رکھی جاسکتی۔ اس کے باوجود بھی بڑے پیمانے پر رقم لے جائی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں متنبہ کیا گیا ہے کہ ریاست کرناٹک سے شراب و دیگر نشیلی اشیاء وغیرہ کی درآمدگی پر بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پولیس ذرائع کے مطابق حلقہ اسمبلی کوڑنگل میں تاحال 290 افراد کو بانڈ اوور کرنے کی نشاندہی کی گئی اور 100افراد کو تحصیلدار کے روبرو بانڈ اوور کرنے کا انکشاف کیا۔ مابقی افراد کو اندرون ہفتہ بانڈ اوور کرتے ہوئے خوشگوار ماحول میں چناؤ کے اقدامات جاری ہیں۔