تیز رفتار موٹر سیکل کی درخت کو ٹکر ‘ دو نوجوان برسرموقع ہلاک
کوڑنگل ۔ 3 ؍ فبروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کورنگل منڈل میں پیش آئے المناک سڑک حادثہ میں موٹر سیکل کے درخت سے ٹکراجانے کے باعث دو نوجوان برسرموقع ہلاک ہوگئے ۔ پولیس کے بموجب کوڑنگل منڈل کے تحت واقع موضع انگڑی رائچور کا متوطن 35 سالہ سینڑی میستری کوریڑ فقیر پا نامی نوجوان اور ریاست کرناٹک کے سیڑم تعلقہ کے موضع اننا پور کا ساکن 28 سالہ لالپا گذشتہ روز راول پلی مقام پر لکڑی کی مشین پر سنیٹرنگ کے لئے درکار لکڑی کے تختوں کو کٹوانے کے بعد رات دیر گئے تک وہاں پر ہی رہے ۔بعدازاں لالپا اپنے موضع انناپور جانے کے لئے اپنی موٹر سیکل پر جا رہے تھے کہ راول پتی اور اندانور مواضعات کے نواح میںتیز رفتار موٹر سیکل توازن کھوتے ہوئے شاہراہ سے متصل واقع آم کے درخت سے ٹکرائی گئی ‘ جس کے بناء لالپا اور فقیرپا دونوں نوجوان برسرموقع ہلا ک ہوگئے ۔ اطلاع پا کر مقامی لوگ اور خاندانی افراد نے پولیس کو مطلع کیا ۔پولیس موقع واردات پر پہنچ کر ضابطہ کی کارروائی کرتے ہوئے نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ سرکاری کوڑنگل منتقل کیا گیا ۔ فقیرپا کے پسماندگان میں بیوی پدمماں کے علاوہ دو لڑکے شامل ہیں جبکہ لالپا کے پسمان گان میں بیوی کے علاوہ ایک لڑکا ہے ۔ سب انسپکٹر پولیس کاشی نے بتایا کہ فقیرپا کی بیوی پدمما کی درخواست پر کیس درج رجسٹر کر کے تحقیقات کا آغاز کیا ۔