کوڑنگل۔/3اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرپرست اعلیٰ ادارہ پہلا قدم کوڑنگل جناب محمد عظیم عرف اجو بھائی متوطن کوڑنگل حال مقیم اجمیر شریف نے اپنے ذاتی صرفہ سے 2اپریل بروز ہفتہ ساڑھے دس بجے دن کوڑنگل کے نواحی مواضعات چڈپلی وانگڑی رائچور کے دامن میں واقع درگاہ شریف حضرت عبداللہ شاہ سائیںؒ کے احاطہ میں بلالحاظ مذہب و ملت سال گزشتہ کی طرح گیارہ عدد اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا۔ جناب اجو بھائی نے گزشتہ ایک ماہ قبل سے تشہیر کرتے ہوئے مفلوک الحال خاندانوں سے مستفید ہونے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ اپنے اپنے مذہبی رسوم کے مطابق شادیاں انجام پائیں۔ ہر شادی شدہ جوڑے کو جناب اجو بھائی کی جانب سے نیک تمناؤں کے ساتھ شادی سے متعلقہ پارچہ جات و دیگر ضروری سامان جہیز دیا گیا۔ ہندو طبقہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی دس درخواستیں اور ایک مسلم درخواست گذار تھے۔ اس طرح جملہ گیارہ شادیاں انجام پائیں۔ اس تقریب میں سینکڑوں باراتی شریک تھے۔ اہم شرکاء میں مسرز پربھاکر، پپو، راجے شام، جاوید، ثناء اللہ خاں، ابو کے علاوہ سرکردہ قائدین مسرز مدپا دیشمکھ سابق ایم پی پی، ایم کرشنا، بھاسکر، ڈاکٹر رویندر رایاڈو، بسواراج، پی ایم غوثن ڈپٹی سرپنچ اور بھاسکر کے علاوہ مختلف پارٹی قائدین نے شرکت کی اور نئے شادی شدہ جوڑوں کو مبارکباد دی اور اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔