کوڑنگل /24 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرپرست اعلی ’’ادارہ پہلا قدم‘‘ کوڑنگل جناب محمد عظیم عرف اجو بھائی متوطن کوڑنگل حال مقیم اجمیر شریف اپنے ذاتی خرچ سے 2 اپریل بروز ہفتہ کوڑنگل کے مواضعات چٹلہ پلی وانگڑی رائچور کے دامن میں واقع درگاہ حضرت سید عبد اللہ شاہ سائیں کے احاطہ میں بلالحاظ مذہب و ملت سال گزشتہ کی طرح گیارہ اجتماعی شادیوں کا اہتمام کر رہے ہیں۔ اس ضمن میں آج ادارہ سے وابستہ ذمہ داروں کی جانب سے درگاہ شریف کے احاطہ میں پریس کانفرنس منعقد کی گئی، جس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا گیا کہ ان اجتماعی شادیوں سے مستفید ہونے کے لئے نوشہ و عروس کے سرپرست ہر دونوں کے فوٹوز، آدھار کارڈ اور صداقت نامہ پیدائش منسلک کرتے ہوئے یکم مارچ تک درخواستیں داخل کردیں۔ جناب اجو بھائی نے جذبہ خیر سگالی کے تحت مفلوک الحال خاندانوں سے مستفید ہونے کی خواہش کی ہے۔ واضح رہے کہ موصوف نے حال ہی میں درگاہ شریف کی دوبارہ تعمیر و تزئین نو کے لئے خطیر رقم صرف کی ہے۔ ہر شادی شدہ جوڑے کو اجو بھائی کی جانب سے نیک تمناؤں کے ساتھ شادی سے متعلقہ پارچہ جات، گلے میں سونے کا ہار اور دیگر طلائی زیورات کے علاوہ سامان جہیز پلنگ، اسٹیل کی الماری، بستر اور دیگر ضروری سامان مفت دیا جائے گا، جب کہ عقد ثانی کی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔ اہم شرکاء میں مسرز جگدیش کمار، پربھاکر، رادھے شیام، بابا پٹھان اور ثناء اللہ خاں وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ شادیوں کا رجسٹریشن کروانے اور دیگر تفصیلات کے لئے سیل نمبرات 9494272700 اور 9912796303 پر ربط پیدا کریں۔